کشتواڑ// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ایم ایل سی سجاد احمد کچلو نے واڑون علاقے کے یتیم وبے سہارا بچوں میں گرم ملبوسات تقسیم کئے۔انہوں نے دو سو سے زائد بچوں میں کپڑے تقسیم کئے اور حکومت پر زور دیاکہ غریب لوگوں کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات کئے جائیں۔کچلو جو بی بی چیریٹیبل ٹرسٹ کے چیئرمین بھی ہیں نے ان لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کی ہر ممکن مدد کریں گے۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس ہر شہری کو کھانا کپڑا اور روٹی فراہم کرنے کے اپنے عزم پر کاربند ہے اور پارٹی کی طرف سماج کے دبے کچلے افراد کی ہرممکن مدد کی جائے گی۔اس کے علاوہ کچلو نے مختلف امراض میں مبتلا لوگوں کے علاج کیلئے پچاس ہزار روپے دینے کا اعلان کیاہے جن کی مدد سے ادویات لائی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ وہ واڑون کے ہر گائوں خاص طور پر مقامی دینی مدارس کو ہر طرح کی امداد فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ لوگوں کی مدد کیلئے ہر وقت تیار ہیں اور ان کے دروازے کبھی بند نہیں ہوں گے۔واڑون دورے میں ان کے ہمراہ نیشنل کانفرنس کے بلاک صدور اور دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔