کپوارہ//گلگام کپوارہ میں کمسن عمر فاروق کے قتل کی تحقیقات ریاستی پولیس کے کرائم برانچ نے شروع کردی ہے۔کپوارہ پولیس کی جانب سے 40روز تک قاتوں کا سراغ لگانے میں کوئی پیش رفت نہ کرنے کے بعد یہ معاملہ کرائم برانچ کے سپرد کردیا گیا ہے۔کرائم برانچ کی ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم ،جس کی سر براہی ڈی ایس پی کرائم برابچ محمد افضل کر رہے ہیں ،نے پہلے ہی کپوارہ پولیس سے قتل سے متعلق کی کیس ڈائری حاصل کی ہے ۔جمعرات کو ایس ایس پی کرائم جاوید احمد کول نے ٹیم کے ہمراہ گلگام کا دورہ کر کے متا ثرین سے ملاقات کی اور ان کیمعاملے کی نسبت ان سے جانکاری حاصل کی۔ٹیم نے ابتدائی طور پر اہل خانہ کے بیانات قلمبند کئے اور اس جگہ کا بھی معائنہ کیا ، جہاں لاش پائی گئی تھی۔اس دوران متاثرین نے ایس ایس پی کرائم سے مطالبہ کیا کہ انہیں انصاف فراہم کریں ۔انہو ں نے ایس ایس پی سے کہا کہ 47روز سے وہ زبردست ذہنی کوفت میں مبتلا ہیں کیونکہ ان کے لخت جگر کو بے دردی سے قتل کیا گیا ہے ۔