کپوارہ// ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے ضلع کے متعدد علاقوں کا طوفانی دورہ کر کے مختلف سرکاری دفاتر کاا چانک معائنہ کرکے 41ملازمین کو ڈیوٹی سے غیر حاضررہنے کی پاداش میں معطل کیا ۔حال ہی میں ضلع کپوارہ میں تعینات کئے گئے ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر نے پیر کو کپوارہ ،ترہگام اور کرالہ پورہ علاقوں کا دور کر کے وہا ں پر لوگو ں کو ماہ رمضان میں بہتر سہولیات میسر رکھنے کا جائزہ لیا ۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر مختلف عوامی وفود سے ملے اور ان سے بنیادی سہولیات سے متعلق جانکاری حاصل کی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر نے بعد میں مختلف سرکاری دفاتر کا معائنہ کیا اور وہا ں پر 41غیر حاضر ملازمین کیخلاف معطلی کے احکامات صادر کئے ۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ ان غیر حاضر ملازمین کی رپورٹ دفتر کو پیش کریں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ ورک کلچر کو فروغ اور لوگو ں کو بنیادی سہولیات بہم رکھنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے جبکہ کام چور ملازمو ں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے آفیسران سے کہا کہ وہ لوگو ں کو کسی بھی شکایت کا موقع نہ دیں اور فلاحی کامو ں کو اپنا فرض سمجھ کر حل کر نے کی کوشش کریں ۔