پرویز احمد
سرینگر // کمشنرفوڈ سیفٹی سمیتا سیٹھی نے پیر کو کہا کہ جموں و کشمیر میں جاری کریک ڈائون کے آغاز سے اب تک 12,000 کلو گرام سے زیادہ سڑا ہوا گوشت ضبط کر کے تلف کیا جا چکا ہے۔سیٹھی نے کہا، “یہ مہم پورے جموں و کشمیر میں جاری رہے گی، اور وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق ہر ضلع میں معائنہ ٹیمیں تعینات کی جا رہی ہیں۔”انہوں نے کہا کہ کچھ معاملات میں گوشت کو عام پالی تھین میں ذخیرہ کیا گیا تھا، جو کہ غیر صحت بخش ہے۔ جانچ کے لیے کئی مقامات سے نمونے جمع کیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جہاں کہیں بھی سنگین غفلت پائی جاتی ہے، سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ادھرضلع کپوارہ میں سوموار کو محکمہ فوڈ اینڈ سیفٹی نے 2100کلو گرام گوشت اور پائے ضبط کئے۔ اس طرح پچھلے 8دنوں کے دوران جموں و کشمیر میں محکمہ فوڈ سیفٹی ، محکمہ ناپ تول اور محکمہ امور صارفین و رسداد کے اہلکاروں نے 12800کلو گوشت، چکن، مچھلی اور سری پائے کوضبط کرکے ضائع کردیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی کپوارہ محمد رفیع ڈار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کپوارہ میں ایک قصاب کے گودام پر چھاپہ مار کر 1800کلو پائے ضبط کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ قصاب نے کئی ریفریجریٹر وں میں پائے رکھے تھے، جنہیں خراب حالت میں پایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قصاب کے گھر میں بھی 300کلو موجود ہیں ، جنہیں ضبط کیا گیا۔ اس دوران سوموار کو سرینگر کے ایچ ایم ٹی کے غازی آباد علاقے میں مزید 700کلو گرام بوسیدہ گوشت ضبط کردیا گیاہے۔یہاں چھاپے کے ڈر سے کھلے کھیت میں ڈیلر نے سڑے ہوئے گوشت کو پھینک دیا تھا۔جسے بعد میں ضائع کردیا گیا۔