عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //سی بی آئی نے جموں و کشمیر پولیس کے ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور دیگر اہلکاروں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے جنہوں نے دو سال قبل کپواڑہ میں ایک ساتھی پولیس کانسٹیبل پر مبینہ طور پر “وحشیانہ اور غیر انسانی حراستی تشدد” کیا تھا۔ حکام نے جمعہ کو بتایا کہ جمعرات کو سرینگر کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے داخل کی گئی اپنی چارج شیٹ میں ایجنسی نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اعجاز احمد نائیکو اور کم از کم سات دیگر اہلکاروں کو منشیات فروشوں کی مدد کرنے کے شبہ میں کپواڑہ کے مشترکہ تفتیشی مرکز میں کانسٹیبل خورشید احمد چوہان کو چھ دنوں تک مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کے لیے نامزد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کی تحقیقات کے دوران، سی بی آئی کو چوہان کے پرائیویٹ پارٹس کو مسخ کرنے سے متعلق الزامات کو ثابت کرنے کے لیے کافی ثبوت نہیں ملے۔سپریم کورٹ کی ہدایت پر درج سی بی آئی ایف آئی آر کے مطابق، چوہان، جو بارہمولہ میں تعینات تھے، مبینہ طور پر 17 فروری 2023 کو سگنل کے ذریعے، کپواڑہ کے ایس ایس پی کو منشیات کے ایک معاملے کی تحقیقات کے لیے بلایا گیا تھا۔سی بی آئی ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ اسے مشترکہ تفتیشی مرکز کے حوالے کیا گیا ، جہاں نائیکو، ریاض احمد اور دیگر نے خورشید کو چھ دن تک لوہے کی سلاخوں اور لکڑی کی لاٹھیوں سے تشدد کا نشانہ بنایا، اس کے علاوہ انہیں بجلی کا شدید جھٹکا دیا اور ان کے عضو تناسل کو توڑ دیا۔سپریم کورٹ کی ہدایت پر یہ کیس سی بی آئی کے حوالے کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ متاثرہ کو 26 فروری 2023 کو دوپہر 2.48 بجے SKIMS میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں ایک سب انسپکٹر کے ذریعہ اس کے کٹے ہوئے عضو تناسل کو پلاسٹک کے تھیلے میں اسپتال لایا گیا تھا، “ایک حقیقت جو ہمارے ضمیر کو جھنجوڑ دیتی ہے”۔جموں و کشمیر ہائی کورٹ کی طرف سے سی بی آئی جانچ کی درخواست کو مسترد کرنے کے بعد چوہان نے درخواست کے ساتھ سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا ۔کیس کو سی بی آئی کو سونپتے ہوئے، عدالت عظمیٰ نے نوٹ کیا تھا کہ ہائی کورٹ نے “شہری کے بنیادی حقوق، اس کے وقار اور زندگی کے حق کے تحفظ کی اپنی آئینی ذمہ داری کو استعمال کرنے میں ناکامی دکھائی ہے۔”جسٹس وکرم ناتھ اور سندیپ مہتا کی بنچ نے کہا کہ “یہ جرائم کی سنگینی کے ساتھ ساتھ اس اثر و رسوخ پر غور کرنے میں ناکام رہا جو ملزمین پولیس اہلکار ہونے کی وجہ سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔”