کپوارہ//دفعہ 35Aکے دفاع میں کپوارہ میںنیشنل کانفرنس کے پارٹی لیڈر اور موجودہ ایم ایل سی قیصر جمشید لون کی سربراہی میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی کے کارکنان اور عہدیدران نے شرکت کر کے سرکار مخالف نعرہ بازی کی اس دوران جلسے سے خطاب کرتے ہوئے قیصر جمشید لون نے کہا کہ دفعہ 35Aاور دفعہ 370بھارت اور کشمیر کے درمیان رشتوں کی بنیاد ہے لیکن اب پی ڈی پی اور ان کے اتحادی بی جے پی اور آر ایس ایس اس کو ختم کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں جس کے کشمیر میں خطرناک نتائیج برامد ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس دفعہ سے ریاست کی پہچان ، وحدت انفرادیت کشمیریت زندہ ہے ۔اس دوران نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نئی دلی کو یہ بات زہن نشین کر لینی چاہئے کہ دفعہ 35Aاور دفعہ370کے خاتمے سے جموں وکشمیر کا یونین آف انڈیا کے ساتھ مشروط الخاق خودبخود ختم ہو جائے گا اس لئے مرکز کو ایسی کسی بھی حرکت سے گریز کرنا چاہئے جس سے یہ رشتہ ٹوٹ جانے کی نوبت آئے ۔انہوں نے کہا کہ دفعہ 35Aریاست کے سٹیٹ سبجیکٹ قانون کا ضامن ہے اور اس کے خاتمہ بھی آئین اور جمہوریت کے منافی ہو گا ۔انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اس دفعہ کے خاتمے سے کشمیر کا بھارت کے ساتھ الخاق خود بخود ٹوٹ جائے گا ۔پی ڈی پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہاکہ قلم دورات روزاول سے لوگوں کو سبزباغ دکھا کر کشمیر دشمن کام انجام دیتی رہی ہے ۔