اشرف چراغ
کپوارہ//کپوارہ پولیس نے دھوکہ دہی کرنے کے الزام میں دو خواتین کے خلاف کیس درج کرلیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ تحریری شکایت کے مطابق وحیدہ شاہ ساکن سرینگر اور نصرت رسول دختر غلام رسول ماگرے ساکن کپوارہ لوگوں سے سرکاری نوکریاں فراہم کرنے کے عوض پیسے اینٹھ رہی ہیں ۔ان پر الزام ہے کہ وہ ایک سیاسی جماعت کے ساتھ وابستہ ہونے کا دعویٰ کررہی ہیں ۔شکایت کنندہ نے یہ بھی الزام لگایا کہ ملزمین نے ان سے20لاکھ روپے وصول کئے اور ایک معاہدے کے مطابق سرکاری ملازمتو ں کا بند وبست کرنے کے بہانے اضافی روپے وصول کئے بلکہ تقرری کے وقت 2.50لاکھ روپے ادا کرنے ہونگے ۔الزام میں کہا گیا کہ ملزمان نے مبینہ طور پر محکمہ جل شکتی کے جعلی شاختی کارڈ جاری کئے اور متا ثرین کو بار بار یقین دہانی کرائی کہ ان کی تقرری جلد سے جلد عمل میں لائی جائے گی اور فوری طور پر احکامات جاری کئے جائیں گے تاہم بار بار اسرار کے باجودکوئی حکم نامہ فراہم نہیں کیا گیا اور نہ ہی ابتدائی رقم واپس کی گئی ۔شکایت پر کاروائی کرتے ہوئے کپوارہ پولیس نے بھارتیہ نیا ئے سنہتا کی دفعہ 318(4)اور(5)3کے تحت کیس زیر ایف آئی آر نمبر205/2025درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ۔کپوارہ پولیس نے لوگو ں سے کہا کہ وہ نوکری کی دھوکہ دہی کی پیشکش کے خلاف چوکس رہیں اور کوئی بھی مالی وعدہ کرنے سے پہلے سرکاری ذرائع سے اسناد کی تصدیق کریں اور ایسے واقعات سے پولیس کو با خبر کریں ۔