عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کشمیر کے انسپکٹر جنرل آف پولیس، وی کے بردی نے کہا ہے کہ کولگام ضلع کے جنگلاتی علاقے میں موجود ملی ٹینٹوں کی تلاش آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپریشن کے 13ویں دن بھی ملی ٹینٹوں کو تلاش کیا جارہا ہے۔اکہال جنگلاتی علاقے میں یکم اگست سے شروع ہونے والے آپریشن کے بعد فوج کے دو جوان ہلاک اور9 زخمی ہو چکے ہیں۔مقابلے میںایک ملی ٹینٹ مارا گیا ہے۔ ابھی تک اس کی شناخت اور گروپ سے وابستگی ظاہر نہیں کی گئی۔کشمیر کے انسپکٹر جنرل آف پولیس، وی کے بردی نے بخشی سٹیڈیم میں یوم آزادی کی تقریب کے لیے فل ڈریس ریہرسل کے موقع پر نامہ نگاروں کو بتایا، اکہال آپریشن آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کی تفصیلات وقت آنے پر شیئر کی جائیں گی۔حالیہ برسوں میں وادی کشمیر میں یہ سب سے طویل آپریشن ہے۔ادھر کپوارہ میںسیکورٹی فورسز نے بدھ کے روز گلگام جنگلاتی علاقے میں ملی ٹینٹوںکے ٹھکانے کا پردہ فاش کیا، جس سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سازوسامان برآمد ہوئے۔ معلوم ہواکہ فوج کے چنار واریرس اور کپواڑہ پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران ملی ٹینسی سرگرمیوں کے بارے میں مصدقہ اطلاعات ملنے پر گھنے گلگام جنگل میں تلاشی لی گئی۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ٹھکانے سے ایک پستول، دھماکہ خیز مواد، گولہ بارود کی ایک بڑی مقدار برآمد ہوئی ۔