سرینگر//پولیس نے شمالی ضلع کپوارہ میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران حزب المجاہدین سے وابستہ 2 بالائے زمین کارکنوں کو گرفتار اور ان کی تحویل سے گرینیڈ برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ضلع کپوارہ میں سرگرم حزب المجاہدین کے اوور گرائونڈ ورکروں کو اسلحہ سمیت حراست میں لیا گیا جو نہ صرف ضلع میں تنظیم کیلئے عسکری سرگرمیاں انجام دے رہے تھے بلکہ نوجوانوں کو ملی ٹینسی میں شامل ہونے کی طرف راغب کرنے کا کام بھی کرتے تھے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ وحید احمد بٹ ساکن کژھلو کرالہ گنڈ ہندوارہ کو اسی علاقے میں لار گناپورہ بچوارہ کے نزدیک معمول کی ناکہ چیکنگ کے دوران حراست میں لیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ وحید احمد حزب کا ایک ’’ہمدرد‘‘ ہے جس کی گرفتاری پیر کو عمل میں لائی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ دوسری کارروائی قلم آباد چیک پوائنٹ پر 12ستمبر کوانجام دی گئی جس دوران محمد شفیع میر ساکن سپر ناگہامہ کو حراست میں لیا گیا۔محمد شفیع کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ وہ حزب المجاہدین کیلئے بطور اپر گرائونڈ ورکر کام کرتا تھا۔پولیس نے دونوں کی تحویل سے ایک ایک ہتھ گولہ برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ان کے خلاف کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔