عظمیٰ نیوز سروس
جموں//موسمیاتی مرکز سرینگر نے منگل 2 ستمبر کو جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی جاری کی ہے۔ایم ای ٹی سنٹر سرینگر نے اپنی تازہ ترین موسمی رپورٹ میں کہا ہے کہ کٹھوعہ، ڈوڈہ، ادھم پور اور ریاسی میں بہت بھاری سے شدید بارش کا امکان ہے، جب کہ جموں، سانبہ، رام بن، راجوری اور کشتواڑ میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ جنوبی کشمیر اور پونچھ کے کچھ حصوں میں بھی دن کے دوران ہلکی سے بھاری بارش ہو سکتی ہے۔ حکام نے خطرناک علاقوں میں لوگوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ ادھر اتوار کی شام موسمی ایڈوائزری کے عین مطابق سرینگر کے علاوہ جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں اور کئی علاقوں میں تیز بارش بھی ہوئی ۔ اس بدلتی موسمی صورتحال کا دورانیہ دو گھنٹوں تک رہا۔اس دوران کپواڑہ ضلع کے کچھ حصوں میں اتوار کی شام شدید بارش کے ساتھ تیز ہوائوں نے تباہی مچا دی، جس سے کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ وڈرباترگام میں شکیل احمد کے گھر کی چھت آندھی سے اڑ گئی۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ایک اور معاملے میں، سجاد احمد کی رہائشی کمرشل عمارت اور گلگام کے رہائشی عبدالرشید میر کی ایک دکان کو تیز ہوائوں سے اخروٹ کے درخت کے اکھڑ جانے اور ڈھانچے پر گرنے سے نقصان پہنچا۔