کپوارہ//سرحدی ضلع کپوارہ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ ساتھ بجلی بحران میں مزید اضافہ ہوتا جارہاہے جس کے نتیجے میں شام ہوتے ہی ہر سو اندھیرا چھا جاتا ہے۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ اگر چہ بجلی کٹوتی شیڈول نے پہلے ہی ان کو مایوس کر دیا ہے لیکن ویلگام گریڈ اسٹیشن سے الگ کٹوتی سے سخت بحران پیدا ہو گیا ہے ۔برقی رو کی عدم دستیابی نے کپوارہ ضلع میں بحرانی صورتحال پیدا کر دی ہے کیونکہ عام صارفین کے ساتھ ساتھ بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے جہا ں امتحانات میں شامل بچو ں کی تعلیم متا ثر ہورہی ہے وہیں پر تاجر وں کو بھی زبردست مشکلات پیدا ہوگئے ہیں ۔تاجرو ں کا کہنا ہے کہ وہ چھوٹے صنعتی یونٹ چلا کر اپنا روز ی رو ٹی حاصل کرتے ہیں تاہم بجلی کی عدم دستیابی نے ان کا کام بھی چو پٹ کر کے رکھ دیا ۔ضلع کے ہندوارہ ،رامحال ،چوکی بل ،کرالہ پورہ ،ترہگام اور دیگر علاقوں کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ ضلع میں پہلے واحد گریڈ اسٹیشن آرم پورہ درگمولہ میں قائم تھا لیکن اس کی صلاحت بہت کم تھی جس کے نتیجے میں مذکورہ گر ڈ اسٹیشن اوور لو ڈ ہوتا تھا اور نتیجے کے طور ضلع میں بجلی بحران پیدا ہو تا تھا ۔مذکورہ علاقوں کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ ضلع میں بجلی بحران پر قابوپانے کیلئے کئی سال قبل ویلگام رامحال میں ایک اضافی گریڈ اسٹیشن بنایا گیا جس کی صلاحیت50میگا واٹ کے قریب ہے اور اس گریڈ اسٹیشن سے با ضابطہ طور 4سال قبل کرناہ ،کرالہ پورہ ،ترہگام ،رامحال ،ماگام اور ہندوارہ کے کئی علاقوں کو بجلی فراہم کی گئی لیکن کچھ ہی مہینو ں کے بعد ویلگام میں قائم گریڈ اسٹیشن میں اوور لو ڈ ہونے لگا اور آئے دن بجلی بحران نے سنگین رخ اختیار کیا ۔ان علاقوں کے لوگو ں نے بتا یا کہ بجلی بحران کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ویلگام میں قائم گریڈ اسٹیشن اوور لوڈ ہونے سے ہر دو گھنٹہ کے بعد ایک گھنٹہ کے لئے بجلی سپلائی کا ٹ دی جاتی ہے ۔صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں پہلے ہی محکمہ کے جانب سے مشتہر کئے گئے حیران کن کٹوتی شیڈول کا سا منا ہے تاہم ویلگام گرڈ اسٹیشن سے الگ کٹوتی سے یہا ں مزید بجلی بحران پیدا ہو گیا ہے ۔محکمہ بجلی کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ ویلگام گریڈ اسٹیشن سے الگ طور ایک گھنٹہ کی کٹوتی کی جاتی ہے ۔ذرائع نے بتا یا کہ ویلگام گریڈ اسٹیشن کو اگر 1لاکھ32ہزار ٹرانسمیشن لائن سے بجلی فراہم کی جاتی تو بجلی بحران پر قابو پالیا جاتا لیکن بجائے اس کے اس وقت مذکورہ گرڈ اسٹیشن کو 66ہزار ٹرانسمیشن لائن سے بجلی فراہم کی جاتی ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ایک تو مذکورہ گرڈ اسٹشین میں محض کم صلاحیت والا ٹرانسفار مر نصب ہے دوم یہ کہ آ رم پورہ گرڈ اسٹیشن سے ایک سے سرکٹ سے بجلی فراہم کی جاتی ہے جس کی وجہ سے ویلگام گریڈ اسٹیشن اوور لو ڈ ہو تا ہے ۔ان علاقوں کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ سرکار یہ جاننے کے باوجود بھی انجان بن بیٹھی ہے ۔لوگو ں کا کہناہے کہ ویگام رامحال میں قائم گریڈ اسٹیشن میں مزید صلاحیت والے ٹرانسفارمر کو نصب کیا جائے اور آرم پورہ گریڈ اسٹشین سے دوسرے سرکٹ کے ذریعے بجلی فراہم کی جائے تاکہ مذکورہ گرڈ اسٹیشن سے ہر دو گھنٹہ کے بعد بجلی سپلائی میں کٹوتی نہیں کی جائے گی ۔