کپواڑہ//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سرحدی ضلع کپوارہ کے دورے کے دوسرے روز بھی متعدد عوامی وفود سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا۔اتوار دیر گئے تک بھی محبوبہ مفتی مختلف وفود سے ملاقی ہوئی اور سوموار کی صبح بھی یہ سلسلہ جاری رہا۔بعد میں محبوبہ مفتی نے کئی سڑک پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ پنزگام۔ منزگام پُل اور سب ڈسٹرکٹ ہسپتال لنگیٹ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کُنن پوش پورہ ماڈل ولیجز کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔محبوبہ مفتی نے 25 کلو میٹر لمبے خمریال رِنگ روڈ میں بہتری لانے کے پروجیکٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھا ،جسے30.38 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ سڑک کی تعمیر سے50 دیہات کے 2 لاکھ لوگوں کو فائدہ ہوگا اور یہ پروجیکٹ کام کے تین سیزنوں کے دوران مکمل ہونے کی توقع ہے۔وزیر اعلیٰ نے اس سڑک پر کام میں تیزی لانے کی بھی ہدایت دی تا کہ مقررہ مدت کے اندر اس کی تکمیل ممکن ہوسکے۔ اس کے علاوہ باترگام میں محبوبہ مفتی نے11 کلو میٹر لمبی گُوشی۔ باترگام۔ ہلمت پورہ۔ سلکوٹ سڑک کا سنگ بنیاد رکھا، جسے15 کرڑ روپے کی لاگت سے کام کے تین سیزنوں کے دوران مکمل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے ہفرڈہ۔ آستان ولی۔ ہچ مرگ۔ تمینہ۔ مرساری سڑک کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔15 کلو میٹر لمبی اس سڑک کو19 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔محبوبہ مفتی نے کُنن۔ پوش پورہ ماڈل ولیجزکا بھی سنگ بنیاد رکھا اسے33.12 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔جن دیہات کو ترقی دی جائے گی اُن میں کُنن، پوش پورہ، ہانجی پورہ اور بابا گنڈ شامل ہیں جہاں طبی سہولیات، تعلیم، پانی، بجلی، آبپاشی اور دیگر شعبوں میں بہترین سہولیات قائم کی جائیں گی۔پنزگام میں وزیر اعلیٰ نے160 میٹر لمبے پنزگام۔ منزگام پُل کا افتتاح کیا۔پُل کو7.04 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔بعد میں محبوبہ مفتی نے لنگیٹ میں7 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے سب ضلع ہسپتال کا بھی افتتاح کیا۔30 بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال آپریشن تھیٹر، پوسٹ اپریٹو کیئر، لیبارٹریوں، ڈینٹل چیئر اور دیگر جدید طبی سہولیات سے لیس ہے۔وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کا معائنہ کر کے وہاں موجود لوگوں کے ساتھ بات چیت کی۔ انہوں نے وہاں ریمپ اور ایک میٹرنٹی یونٹ تعمیر کرنے کی بھی ہدایات دیں۔دیہی ترقی اور پنچائتی راج کے وزیر عبدالحق خان، تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر، صحت و طبی تعلیم کی وزیر مملکت آسیہ نقاش، ممبر راجیہ سبھا فیاض احمد میر، ارکان اسمبلی انجینئر رشید، بشیر احمد ڈار، راجا منظور اور جاوید مرچل، مختلف محکموں کے سربراہاں، ضلع انتظامیہ کے افسر اور کافی تعداد میں لوگ اس موقعہ پر موجود تھے۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے عوام تک پہنچنے کی اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے کئی لوگوں اور وفود کے ساتھ ملاقات کی اور اُن کے مسائل و مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔محبوبہ مفتی نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت کی طرف سے اُن کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات تیز کئے جائیں گے۔