سرینگر// شمالی ضلع کپوارہ میں جمعرات کوبھارت اور پاکستان کی افواج کے مابین کرا س ایل او سی شیلنگ کے نتیجے میں 2 فوجی اہلکار ہلاک جبکہ4زخمی ہوگئے۔یہ واقعہ کنٹرول لائن پر ضلع کے نوگام میں سیکٹر میں پیش آیا۔
فوج نے ایک مختصر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ نوگام سیکٹر میں پاکستانی افواج نے کسی اشتعال کے بغیر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو مارٹر گولوں اور دیگر ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔
سرینگر میں مقیم دفاعی ترجمان کے مطابق پاکستان کی شیلنگ سے2فوجی اہلکار ہلاک اور4زخمی ہوگئے ۔
دفاعی ترجمان نے مزید کہا”پاکستان کی گولی باری کا مُنہ توڑ جواب دیا جارہا ہے“۔
یہ آج دن کے دوران اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے ۔اس سے قبل آج ہی ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن پر بھارت اور پاکستان کی افواج کے مابین گولہ باری کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔