سرینگر/پولیس نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ کپوارہ پولیس نے چار منشیات فروشوں، جن کی شناخت ریاض احمد بڈانہ ، مدثر احمد پسوال، تنویر احمد رینہ اور ضمیر احمد رینہ ساکنان امروہی کرناہ کے بطور ہوئی ہے، پر پبلک سیفٹی ایکٹ ( پی ایس اے)عائد کرکے انہیں جیل بھیج دیا گیا۔
مذکورہ منشیات فروشوں کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 02/2019 کرالہ پورہ پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج کیا گیا تھا اور ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں ہیروئن برآمد کرکے ضبط کی گئی تھی۔
پولیس بیان کے مطابق ریاض بڈانہ اور تنویر رینہ کو اننت ناگ جیل بھیج دیا گیا ہے جبکہ مدثر پسوال اور ضمیر رینہ کو پی ایس اے کے تحت ضلع جیل بارہ مولہ میں مقید رکھا گیا ہے۔
پولیس بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ سرینگر پولیس نے عشائی باغ نگین کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران عمران عبدا للہ ولد محمد عبدا للہ ساکنہ بٹہ پورہ صفا پورہ گاندربل کو روک کر اس کی جامہ تلاشی لی جس دوران اس کے قبضے سے 30گرام ہیروئن برآمد کرکے ضبط کی گئی۔
پولیس نے موقع پر ہی مذکورہ شخص کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 30/2019کے تحت نگین پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔