اشرف چراغ+سمت بھارگو
کپوارہ+راجوری// جموں و کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں لائن آف کنٹرول(ایل او سی) کے ساتھ دراندازی مخالف دو مختلف کارروائیوں میں3 ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔فوج نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس معلومات کے بعد بدھ کو مژھل اورٹنگڈار علاقوں میں آپریشن شروع کیا گیا۔
کپوارہ
فوج کا کہناہے کہ کرناہ سیکٹر میں حد متارکہ کے نزدیک خوشحال پوسٹ پر 17گڈوال کے اہلکارو ں نے بدھ کی شام ملی ٹینٹوں کی نقل و حمل دیکھی جو دراندازی کی کوشش کررہے تھے تاہم فوج نے فوری طور علاقہ کو گھیرے میں لیا اور ملی ٹینٹوں پر گہری نظر رکھی ۔فوج کے مطابق جونہی فوج نے آپریشن شروع کیا تو ملی ٹینٹوں نے فوج پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جس میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا جبکہ علاقہ میں بڑے پیمانے پر ناکہ بندی کی گئی ۔اس دوران مژھل سیکٹر کے کمکڑی علاقہ میں 57 اور 53آر آر کوبدھ کے روز ہی ایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ حد متارکہ پر ملی ٹینٹوں کا ایک مشکوک گروپ دراندازی کی طاق میں بیٹھا ہے جس کے بعد فوج نے پولیس کے ساتھ ایک مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے علاقہ کو گھیرے میں لیا ۔فوج کا کہنا ہے کہ جو نہی فوج نزدیک پہنچی تو اس پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد فوج نے بھی جوابی کاروائی کرتے ہوئے 2ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا۔ فوج نے علاقہ میں مزید کمک طلب کر کے پورے علاقہ کو گھیرے میں لیا اور وہاں چھپے بیٹھے ملی ٹینٹوں کی تلاش شروع کی ۔
فوج کا بیان
کرناہ اور مژھل سیکٹر میں جھڑپو ں کے حوالہ سے 68مو ٹین بریگیڈئر نے نامہ نگارو ں کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ فوج کو کئی روز سے یہ اطلاع موصول ہو رہی تھی کہ ان علاقوں میں حد متارکہ پر ملی ٹینٹ در اندازی کی کوشش کر رہے ہیں اور بدھ کے روز فوج اور جمو ں وکشمیر پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ان علاقوں میں ناکہ لگا یا جس کے بعد مژھل سیکٹر میں بدھ کی شام8بجے ملی ٹینٹوںنے فوج پر فائرنگ کی اور فوج کی جوابی کارروائی میں 2ملی ٹینٹ مارے گئے جبکہ شام دیر گئے 9بجے ایک اوراطلاع موصول ہوئی کہ کرناہ سیکٹر میں بھی دراندازکی کوشش کے دوران فوج اور ملی ٹینٹوں کے درمیان ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔
راجوری
راجوری ضلع میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوںکے درمیان ایک انکائونٹر ہوا ، لیکن ملی ٹینٹ فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔پولیس کے ایک ترجمان نے کہا، “بدھ کی رات ساڑھے 9بجے راجوری ضلع کے گائوں کھیری موہڑہ لاٹھی اور دنتھل علاقے میںمشتبہ دہشت گردانہ نقل و حرکت کے بعد جموں کشمیر پولیس،63 اور 60 آر آرکے علاوہ پیرا کمانڈوز کی طرف سے تلاشی مہم شروع کی گئی ‘‘۔ترجمان نے مزید کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران، تقریباً 11بجکر 55منٹ پرملی ٹینٹوں کے ساتھ رابطہ قائم ہوا، جس کے نتیجے میں کھیری موہڑہ علاقے کے قریب طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔حکام نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو روشن کرنے کے لیے ٹریسر رائونڈ کی چند گولیاں بھی چلائیں۔انہوں نے کہا کہ محاصرے کے علاقے میں دو سے تین ملی ٹینٹ چھپے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2بجے رات طرفین کے مابین زبردست فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا اور یہ سلسلہ صبح 6بجے تک جاری رہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مکمل طور پر جنگلی علاقہ ہے جس میںکھائیاں، بڑے بڑے پہاڑ اور چوٹیاں ہیں جس کی وجہ سے آپریشن کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔انکا کہنا ہے کہ صبح 6بجے کے بعد علاقے میں مکمل خاموشی ہے اور کوئی فائرنگ کا واقعہ پیش نہیں آیا۔انہوں نے مزید کہا کہ محاصرے اور آپریشن کو مضبوط بنانے کے لیے اضافی فورسز کو علاقے میں بھیج دیا گیا ہے۔پیر کی رات، ولیج ڈیفنس گارڈز (VDGs) کے ایک گروپ نے راجوری ضلع کے میرا-نگروٹا گائوں میں ایک گھر کے قریب دو نامعلوم افراد کو دیکھا اور ہوا میں فائرنگ کی۔ جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔