کپوارہ//عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے کپوارہ کے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ بورڈ کی میٹنگ میں حکمران اتحاد کے مقامی نمائندوں کی غیر حاضری پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سرکار کی عدم سنجیدگی کی وجہ سے اس طرح کی میٹنگوں کا اعتبار تیزی سے ختم ہوتاجارہا ہے اور یہ بے مطلب کی مصروفیت بن کے رہ گئی ہے۔بورڈ میٹنگ کے دوران بولتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا’’عبدالحق خان کی بورڈ میٹنگ سے غیر حاضری اور ایک گھنٹہ سے تاخیر سے میٹنگ شروع کرناصاف اشارہ ہے کہ سرکار میں سب کچھ ٹھیک ٹھاک نہیں ہے۔انجینئر نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ حکمران اتحاد میں ہر کوئی وزیر بننے کیلئے پریشان ہے اور جو نہیں بن پاتا وہ ترقیاتی عمل میں دلچسپی کھو کر ضلع سطح کی بورڈ میٹنگوں کو سرسری لیکر نظرانداز کرتا ہے حالانکہ اس طرح کی میٹنگیں نہ صرف اہم ہیں بلکہ انہیں سنجیدگی سے لیا جائے تو ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ عوامی نمائندوں کی غیر سنجیدگی اور انکی طرفسے اہم چیزوں کو سرسری لئے جانے سے افسر شاہی کو سیاسی نظام کو سرسری لینے کا موقعہ مل جاتا ہے۔ایسا لگتا ہے کہ عبدالحق خان کو میٹنگ میں شرکت کرنے کیلئے راضی کئے جانے کی کوششوں میں بورڈ کی میٹنگ پورے ایک گھنٹہ کی تاخیر سے شروع ہوئی‘‘۔انجینئر رشید نے اس دوران وادی بھر میں ڈھیرہ جماچکے غیر ریاستی بھکاریوں اور جھگی جھونپڑیاں لگاکر بیٹھی ایک بڑی اور مشکوک آبادی کو فوری طور وادی بدر کئے جانے کا مطالبہ دہرایا ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کپوارہ کے ضلع کمشنر کے دفتر کے ساتھ ہی واقع سرکاری زمین پر کس طرح اور کس کی اجازت سے ایسے سینکڑوں مشکوک خاندانوں نے ڈھیرہ جمایا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیول اور پولس انتظامیہ نے اس چیز کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ان مشکوک افراد کو کپوارہ اور دیگر جگہوں سے باہر نہ کیا تو پھر اس سنجیدہ اور حساس مسئلے کو لیکر سرکار کو عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنے کو تیار رہنا چاہیئے۔