عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کپواڑہ میں بادل پھٹنے سے 15سالہ لڑکا زخمی ہوا۔ شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے جمہ گنڈ کے بنوالی علاقے میں پیر کو بادل پھٹنے سے ایک 15 سالہ لڑکا زخمی ہوگیا۔ حکام نے بتایا کہ بادل پھٹنے سے شاہد احمد رینہ ولد عبدالرف رینہ ساکن بنوالی جمعہ گنڈ زخمی ہو گئے۔ اس واقعے میں ایک گھوڑے سمیت متعدد مویشی بھی ہلاک ہو گئے ۔زخمی لڑکے کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت مستحکم بتائی۔ادھر ہاپت نار عشمقام میں بھی بادل پھٹے جس سے سیلابی ریلے آئے تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔ادھر محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیر میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں یکم ستمبر کو دن میں موسم عام طور پر خشک رہا تاہم سہ پہر کے بعدکہیںہلکی لیکن سرینگر میں تیز اور موسلادھار بارشیں ہوئیں۔ جموں صوبے کے کچھ علاقوں میں یکم ستمبر کی شام سے 2 ستمبر کی صبح تک شدید بارشیں متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2 اور 3 ستمبر کو موسم عام طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ جموں صوبے کے کٹھوعہ، جموں، اور ریاسی ضلاع میں کہیں کہیں شدید بارشیں جبکہ ڈوڈہ، سانبہ، راجوری، پونچھ، رام بن، کشتواڑ، اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں 2 ستمبر کی شام سے 3 ستمبر کی دو پہر تک درمیانی سے بھاری بارشیں متوقع ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بعد میں 4 سے 7 ستمبر تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران بھی کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے ۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ خاص کر جموں صوبے میں کہیں کہیں بادل پھٹنے ، سیلابی ریلے آنے ، لینڈ سلائیڈنگ ہونے اور چٹانیں کھسک آنے کے بھی خطرات ہیں۔ایڈوائزری میں کہا گیا کہ دریائوں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ سکتی ہے اور خاص طور پر جموں کے نشیبی علاقوں میں پانی بھی جمع ہوسکتا ہے ۔لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے ۔