کپوارہ+سوپور//کپوارہ اور سوپو رمیں آگ کے بھیانک واقعات میں 4رہائشی مکانات اور2دکانیں خاکستر ہوئیں۔ کنی بہک بٹہ پورہ ہایہامہ علاقہ میں دوران شب 3رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہوئے اور ان میں نصف درجن سے زائد مو یشی زندہ جل کر ہلاک ہوگئے ۔ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کنی بہک بٹہ پورہ ہایہامہ میں ایک مکان سے اچانک آگ نمو دار ہوئی جس نے فوری طور اپنے آ س پاس دوسرے مکانو ں کو لپیٹ میں لے لیا۔ علاقہ میں آگ لگنے کے ساتھ ہی لوگ اپنے گھرو ں سے باہر آئے اور بچائو کاروائی شروع کی ۔ آگ اس قدر بھیانک تھی کہ اس کی تپش کی وجہ سے لوگ آگ کے نزدیک نہیں جاسکے اور بچائو کاروائی میں مشکلات پیش آئیںتاہم کچھ جوانو ں نے اپنی جان کو جونکھم میں ڈال کر رہائشی مکانو ں میں موجود افراد خانہ کو باہر نکال کر بچا لیا ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے آگ لگنے کے بعد فائر بریگیڈ کو جائے واردات پر پہنچنے میں وقت لگ گیا جس پر مقامی لوگو ں میں سخت ناراضگی پائی گئی۔ فائر برگیڈعملے نے کافی دیر کے بعد آگ پر قابو پانے میں کا میابی حاصل کی اور وہا ں پر دوسرے مکانو ں کو بچایا لیا گیا ۔آگ کی اس تباہ کن واردات میں ذولفقار علی خان کا تین منزلہ مکان ،فیا ض احمد خان کا دو منزلہ مکان اور ظہور احمد خان کے مکان سمیت 3رہائشی مکانات مکمل طور خاکستر ہوئے اور ان میں لاکھو ں روپے مالیت کی جائیداد راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہوئی ۔آگ کی اس واردات میں جو رہائشی مکان جل کر خاکستر ہوئے ان میں نصف درجن سے زائد مویشی میں زندہ جل کر ہلاک ہو گئے ۔اس دوران رامحال کے پچکوٹ علاقہ میں شام گئے دیر آگ کی ایک واردات میں عبدالرحمان بٹ کے مکان میں آگ لگ گئی جس کے دوران ان کا مکان مکمل طور تباہ ہوگیا جبکہ فائر برگیڈئر ویلگام اور کرالہ پورہ جائے واردات پر پہنچ گئے اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا۔اس حوالہ سے ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ کنی بہک بٹہ پورہ میں آگ سے متا ثرین میں فوری طور امداد تقسیم کی گئی تاکہ وہ اپنے رہنے کے لئے کچھ کر سکے ۔انہو ں نے بتا یا کہ کپوارہ ضلع میں آگ سے متاثرین کی باز آ باد کاری سے متعلق ضلع انتظامیہ ضرورہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور انہیں ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی ۔دریں اثناء شمالی کشمیر کے بٹنگو سوپور قصبے میں آگ کی ایک اور واردات میں دو دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔جمعرات کی شام آگ سے عادل احمد بٹ ساکنہ بٹنگوں کی کریانہ کی دکان اور بٹہ ساکنہ بانڈی پورہ کی ہوزری کی دکان جل کر خاکستر ہوگئی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ واردات میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے جبکہ آگ گیس لیک ہونے کی وجہ سے لگی تھی۔ واضح رہے کہ بدھ کی درمیانی رات کو سوپور میں دو دکانیں اور محکمہ ہارٹیچکلر کا دفتر چھورو میں جل کر خاکستر ہوگیا ہے۔