سرینگر/کپوارہ۔ کرنا ہ شاہراہ پر واقع ،نستہ چھن گلی (سادھنا ٹاپ) پر ٹنل کی تعمیر نہ ہونے کے خلاف کرناہ میں 'ٹنل کوآرڈی نیشن کمیٹی' نامی غیر سیاسی تنظیم نے منگل سے اپنی تین روزہ بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے ۔
کمیٹی کے صدر ولی محمد قریشی کی قیادت میں گذشتہ روز منعقدہ میٹنگ کے دوران بھوک ہڑتال کا فیصلہ لیا گیا تھااور آج صبح سے مذکورہ فیصلے پر عملدر آمد شروع کیا گیا اور کمیٹی سے وابستہ لوگ صبح سے ہی تحصیل ہیڈکوارٹر کے سامنے جمع ہوئے جہاں انہوں نے دھرنا دیا ۔
ولی محمد قریشی نے اس سلسلے میں کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نے اس حوالے سے کئی بار اعلیٰ حکام سے رجوع کیا جبکہ بیکن حکام نے 7کلو میٹر ٹنل کی تعمیر کیلئے ایک سروے بھی کی اور بعد میں اُس کا ڈی پی آر بھی بنایا گیا لیکن پھر نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس پر کام آگے نہیں بڑھ سکا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرناہ ۔کپوارہ شاہراہ سرما کے موسم میں وہاں کے عوام کیلئے کسی بڑی مصیبت سے کم نہیں ہوتی ہے اس لئے نستہ چھن گلی پر ٹنل کی تعمیر اُن کیلئے خاصی اہمیت کی حامل ہے ۔
معلوم رہے کہ سال2018کے اوائل میں اس خونین شاہراہ پر برفانی تودوں کی زد میں آکر کرناہ کے 11افراد لقمہ اجل بن گے تھے جس کے بعد علاقے میں قریب ایک سال تک احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ چلتا رہا اور اسی دوران وہاں کرناہ ٹنل کوآرڈی نیشن کمیٹی نامی غیر سیاسی تنظیم کا قیام عمل میں لایا گیا۔
واضح رہے کہ کپوارہ۔کرنا ہ شاہراہ پر ٹنل کی تعمیر میں تاخیر کیخلاف عوامی اتحاد پارٹی بھی آج سرینگر میں احتجاج کرنے والی ہے۔