عظمیٰ نیوزسروس
کٹھوعہ //تین شہریوں کی ہلاکت کے خلاف اتوار کو بلاور اور ملحقہ علاقوں میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ان ہلاکتوں کے بعد علاقے میں احتجاج اور مکمل شٹر ڈاؤن ہے۔مقامی بی جے پی لیڈر گوپال کرشن،جس نے فنٹر چوک پر مظاہرین کے ایک گروپ کی قیادت کی، نے کہا”یہ ملی ٹینٹوںکے ذریعہ ٹارگٹ کلنگ کا ایک واضح معاملہ ہے، جس نے پرامن علاقے کو خوف اور غصے میں لپیٹ رکھا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت جنگلوں میں انسداد ملی ٹینسی کی کارروائیوں کو تیز کرے تاکہ پچھلے ایک سال سے جنگلوں میں چھپے ملی ٹینٹوںکو بے اثر کیا جا سکے‘‘۔انہوں نے کہا کہ عوام ملی ٹینٹوں کو ان کے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور چنیدہ قتل عام کرکے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچائیں گے۔بی جے پی کے سینئر لیڈر اور بلاور کے ایم ایل اے ستیش شرما، جنہوں نے متوفی کے خاندان سے ملاقات کی، کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ تین شہریوں کو کس نے مارا۔انکاکہناتھا’’یہ تحقیقات کا معاملہ ہے کیونکہ کسی نے نہیں دیکھا کہ انہیں کیسے مارا گیا۔ پولیس کیس میںملی ٹینسی کے زاویے سمیت تمام پہلوؤں کو دیکھ رہی ہے‘‘۔ انہوں نے کہاکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد واضح تصویر سامنے آئے گی۔کانگریس نے مقامی لوگوں کے خدشات کو دور کرنے اور پوری پٹی میں “زبردست خوف” اور عدم تحفظ کے احساس کی موجودہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔