سرینگر// ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ پٹھان کوٹ میں کٹھوعہ عصمت دری وقتل کیس کے ملزمان کے خلاف جاری ٹرائل اپنے اختتام کو پہنچی اور فیصلہ10 جون کو صبح دس بجے سنایا جائے گا۔ یہ امر یہاں قابل ذکر ہے کہ ضلع کٹھوعہ کے رسانہ نامی گائوں میں گزشتہ برس جنوری میں پیش آئے آٹھ سالہ کمسن بچی کی وحشیانہ عصمت دری اور قتل کیس کے ملزمان کا 'ان کیمرہ' اور روزانہ بنیاد پر ٹرائل ایک برس پہلے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ پٹھان کوٹ میں شروع ہوا۔کیس کے آخری مرحلے میں طرفین کے حتمی دلائل کا سلسلہ 27 مئی سے پیر کے روز تک جاری رہا۔ جج نے پہلے استغاثہ اور پھر وکلاء صفائی کی طرف سے پیش کئے گئے حتمی دلائل سنے'۔ 'طرفین کے دلائل سننے کے بعد جج نے کیس کا فیصلہ محفوظ رکھا اور اسے10 جون کو سنانے کا اعلان کیا'۔