کٹھوعہ//ویجی لنس آر گنائزیشن نے محکمہ جنگلات کے ایک افسر کے خلاف آمدن سے زائد جائیداد بنانے کے الزام میں معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ لکھن پور میں تعینات رینج آفیسر پنکج کھجوریہ ساکن جنگلوٹ کٹھوعہ کے خلاف انسداد رشوت خوری کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر زیر نمبر 26/2017 درج کر لی گئی ہے ۔ اس سے قبل ویجی لنس نے مذکورہ افسر کے دفترلکھن پور، رہائش گاہ جنگلوت اورگوند سر میں قائم کردہ فیکٹری پر ویجی لنس اور ریاستی پولیس کی متعدد ٹیموں نے بیک وقت چھاپے مارے اور مبینہ طور پر بھاری تعداد میں دستاویزات ضبط کر لیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ویجی لنس اس افسر کی ٹوہ میں لگی ہوئی تھیں جس نے مبینہ طور پر بھاری مقدار میں منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد اکٹھا کر رکھی ہے ۔ ان ذرائع کا کہنا ہے کہ ویجی لنس نے اپنے چھاپوں کے دوران کئی بے نامی جائیدادوں کا بھی پتہ چلایا ہے جو کہ مجاز افسران اور آزاد گواہان کی موجودگی میں ضبط کئے گئے ۔ تاہم سردست افسر کو حراست میں نہیں لیا گیا ہے ، ضبط شدہ دستاویزات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس کے لئے تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم کی طرف سے رپورٹ دئیے جانے کے بعد ہی اگلی کارروائی کئے جانے کی توقع ہے ۔