سمت بھارگو
راجوری// کٹھوعہ ضلع کے ایک دور افتادہ گائوں میں اتوار کو جاری آپریشن میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا، جس سے اس واقعہ میں مرنے والوں کی تعداد دو ہو گئی ہے۔حکام نے بتایا کہ اتوار کی سہ پہر تحصیل بلاور کے کوگ منڈلی میں انکائونٹر کے مقام سے ملی ٹینٹ کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ گائوں میں دوسرے دن بھی بڑے پیمانے پر تلاشی مہم جاری ہے۔جموں زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آنند جین نے بتایا کہ3 سے4 غیر ملکی ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد ہفتہ کو گائوں میں تلاشی مہم شروع کی گئی۔ ملی ٹینٹوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک اور دو افسر زخمی ہو گئے۔تصادم کے مقام کے
قریب نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، جین نے کہا کہ علاقے میںملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں اطلاع ملی تھی اور اس کے بعد آپریشن شروع کیا گیا، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔انکائونٹر میں ہیڈ کانسٹیبل بشیر احمد نے اپنی جان دے دی اور دو اہلکار ڈی ایس پی آپریشنز اور ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اہلکاروں کی حالت مستحکم ہے۔ پورا علاقہ سخت حفاظتی حصار میں ہے اور آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں چھپے ہوئے تین سے چار غیر ملکی ملی ٹینٹوں کو بے اثر کرنے کے لیے آ پریشن جاری ہے۔معلوم ہوا ہے کہ جس مکان میں ملی ٹینٹ موجود تھے، اسے دھماکے سے اڑایا گیا اور اتوار کی سہ پہر ملبے سے ایک ملی ٹینٹ کی لاش بر آمد کی گئی۔ادھرراجوری ضلع کے منیال گلی علاقے میں اتوار کو جنگجوئوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق مخصوص انٹیلی جنس کی بنیاد پر، منیال گلی میں پولیس تھانہ تھنہ منڈی راجوری میں سیکورٹی فورسز نے مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ ملی ٹینٹوں کیساتھ رابطہ قائم ہو گیا ہے اور دونوں طرف سے چند رائونڈ فائرنگ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔