یو این آئی
جموں//جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے گھنے جنگلات میں سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کے خلاف جاری تلاشی آپریشن کا دائرہ مزید کئی علاقوں تک وسیع کر دیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب بلاور کے جنگلی علاقے میں فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں، جس کے بعد سلامتی دستوں نے مزید علاقوں میں پہرے بٹھا دیے ہیں۔اطلاعات کے مطابق کٹھوعہ کے جنگلات میں مفرور ملی ٹینٹوں کی تلاش جاری ہے اور اتوار کے روز فورسز نے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن کو مزید وسعت دی تاکہ ملی ٹینٹوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع نہ مل سکے ۔ذرائع نے بتایا کہ بلاور کے جنگلات میں دیر رات تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا، تاہم کسی ملی ٹینٹ کے ہلاک ہونے کی کوئی تصدیق نہیں ہو سکی ہے ۔باوثوق ذرائع کے مطابق فوج، پولیس، بی ایس ایف اور پیرا کمانڈوز نے کٹھوعہ اور ادھم پور کے جنگلی علاقوں میں مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مفرور ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کے لیے سراغ رساں کتوں اور ڈرون کیمروں کی بھی مدد لی جا رہی ہے ۔دفاعی ذرائع کے مطابق، سیکورٹی فورسز نے کئی کلومیٹر پر پھیلے جنگلات میں سخت نگرانی قائم کر رکھی ہے ، اور توقع ہے کہ مفرور ملی ٹینٹوں کو جلد ہی انجام تک پہنچا دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تمام سیکورٹی ایجنسیاں پوری طرح متحرک ہیں، اور کسی کو بھی امن و امان میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔