جموں//مرکزی وزیرمملکت برائے ترقی ، شمال مشرقی خطہ ڈاکٹر جتندرسنگھ نے کہاہے کہ کٹھوعہ میں مجوزہ بائیوٹیک پارک کی تکمیل سے نہ صرف جموں وکشمیربلکہ ملک کے شمالی حصے میں ایک نیاانقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ لکھنومیں موجودہ بائیوٹیک پارک کے بعدشمالی ہندوستان میں اپنی قسم کی یہ پہلی پارک ہوگی۔انہوں نے کہاکہ مرکزی سرکارنے گذشتہ سال اس پارک کی منظوری دی تھی ۔ انہوں نے کہاکہ 80 کنال اراضی پر محیط اس پارک کی تعمیرپرپہلے مرحلے میں سو کروڑ روپے خرچ ہوں گے اوراسے 18 ماہ کی مدت میں مکمل کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس پارک میں بائیوٹیکنالوجی جیسے فصلوں کی کاشت ، صحت مند زندگی گذارنے ، بائیوانڈسٹری کوفروغ دینے کے لئے سکلز، کسانوں کوبھرپور فائدہ، نوجوان اوراُبھرتے تاجروں کے لئے تکنیکی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ ڈائریکٹرآئی آئی آئی ایم ڈاکٹرآر۔اے وشواکرما نے اس موقعہ پر کہاکہ ہماری ریاست میں اپنی قسم کایہ پہلاتصور ہے اوراس کی بدولت بائیوسیکٹرکی ترقی کے لئے ایک موافق ماحول دستیاب ہوگا۔ ڈی سی کٹھوعہ رمیش کمار، ایس ایس پی کٹھوعہ سلیمان چوہدری اوردیگرافسران بھی موجودتھے۔