عظمیٰ نیوز سروس
کٹھوعہ//محکمہ ارضیات اور کان کنی نے 20 لاکھ روپے سے زیادہ کی وصولی کی ہے۔ گزشتہ روز دریائے راوی میں سٹون کرشر کے قریب غیر قانونی کان کنی میں ملوث بھاری مشینری کو ضبط کرنے کے بعد 15 لاکھ کا جرمانہ کیا گیا۔ضلع معدنیات افسر (ڈی ایم او) راجندر سنگھ کی قیادت میں محکمہ کے افسران کی ایک ٹیم نے اپروچ روڈ کے ذریعے دریائے راوی میں کھدائی کی جگہ پر آدھی رات کو چھاپہ مارا اور پوری مشینری کو ضبط کرلیا جس میں تین ڈمپر اور ایک ہیوی چین مشین شامل ہے۔مشینری کو قبضے میں لینے کے فوراً بعد گہرے بڑے گڑھوں اور کھدائی کی بھی پیمائش کی گئی اور پتہ چلا کہ دو سٹون کرشرز کے احاطے میں زمین کے ٹکڑے سے 5500 میٹرک ٹن ریور بیڈ مٹیریل نکالا گیا ہے۔اس سے قبل تراف تاجوال کے مقامی باشندوں کی جانب سے دریائے راوی میں ڈمپرز اور چین مشینوں کی غیر قانونی نقل و حرکت کے حوالے سے بھی شکایت درج کروائی گئی تھی جس میں سٹون کریشر کے ذریعے کرشنگ کے لئے مٹی کی کھدائی اور لفٹنگ کی گئی تھی۔ڈی ایم او نے بتایا کہ دریائے راوی میں غیر قانونی کان کنی میں ملوث 12 چین مشینیں اور سو گاڑیاں قبضے میں لے لی گئی ہیں اور ان سے ماحولیاتی اور معدنی نقصان پر بھاری جرمانے بھی وصول کئے گئے ہیں۔ڈسٹرکٹ منرل آفیسر نے مزید بتایا کہ یہ کارروائی ایم ایم (ڈی آر) ایکٹ 1957 اور ایس آر او 105 آف 2016 کے مطابق کی گئی ہے جس میں معدنیات کی غیر قانونی نقل و حمل اور کان کنی کی غیر قانونی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے کے لئے اختیارات افسران کو تفویض کئے گئے ہیں۔