کٹھوعہ //لوگوں میں صحت صفائی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ رمیش کمار نے پیر کے روز ایک ’سوچھ رتھ‘ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ رتھ شہر کے تمام وارڈوں کا چکر لگانے کے بعد قرب و جوار کے دیہات میں جائے گا اور وہاں لوگوں کو صفائی کے بارے میں جانکاری دی جائے گی۔ ایک ہفتہ تک چلنے والی اس صفائی مہم میں عام لوگوں اور طلباء نے جوش و خروش سے حصہ لیا ۔ اس موقعہ پر ڈی ڈی سی نے کہا کہ ضلع کو کھلے عام میں رفع حاجت سے پاک بنانا سوچھ بھارت مہم کا بنیادی مقصد ہے اور یہ تبھی حاصل ہو سکتا ہے جب عام لوگ اس میں خلوص سے شرکت کریں۔ انہوں نے کہ صاف ستھرا طرز زندگی ہر انسان کے لئے اہم ہے اور اس کے لئے ہم سب کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو اس بات میں ترغیب دینے کے لئے ہر سطح پر بیداری پروگراموں کا اہتمام کریں ۔