مہلوکین میں 2بچے، سابق ڈی ایس پی، انکی بیٹی اور پوتا بھی شامل
سمت بھارگو
جموں// کٹھوعہ ضلع میں بدھ کی صبح ایک سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور اس کا تین سالہ پوتا ان 6 لوگوں میں شامل تھے، جو دم گھٹنے سے اس وقت ہلاک ہو گئے جب ان کے کرایہ کے مکان میں آگ لگ گئی۔واقعے میں زخمی ہونے والے دیگر چار افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔پولیس کے مطابق مقامی لوگوں نے صبح 2:30 بجے کے قریب گھر میں آگ لگی دیکھی اور اس کے مکینوں کو بچانے کے لیے دوڑے۔ انہوں نے بتایا کہ گھر گھنے دھوئیں سے بھرا ہوا تھا، جس سے اس کے مکینوں کا نیند میں دم گھٹ گیاتھا۔حکام نے بتایا کہ متاثرین کو کٹھوعہ کے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے 6 کو، بشمول دو نابالغوں کو ‘مردہ لایا گیا’ ۔ایک پولیس افسر نے بتایاکہ اس المناک واردات میں اپنی جانیں گنوانے والوں میں 81سالہ اوتار کرشن(سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس) ولد کیشو رینہ ساکن وارڈ نمبر16 شیونگر کٹھوعہ، انکی25سالہ بیٹی برکھا اور3سالہ پوتا تکیش رینہ، 17سالہ گنگا بھگت دختر بھارت بھوشن ساکن شہیدی چوک کٹھوعہ، 15سالہ دانش بھگت ولد بھارت بھوشن ساکن شہید چوک کٹھوعہ، 4سالہ ادویک رینہ ولد سندیپ کو ل ساکن جگتی نگروٹہ جموں شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ زخمی اور زیر علاج افراد میں 61 سالہ سوارنازوجہ اوتار کرشن ساکن شیونگر کٹھوعہ ، 40سالہ نیتو دیوی زوجہ بھارت بھوشن ساکن شہیدی چوک کٹھوعہ ،15سالہ ارون کمار ولد سین چاند ساکن بٹوٹ رام بن اور69سالہ کیول کرشن ولد مانسا رام ساکن شیونگر کٹھوعہ شامل ہیں۔ہسپتال کے پرنسپل ڈاکٹر سریندر اتری نے کہا، ”10 لوگوں کو ہسپتال لایا گیا تھا، 6 ہلاک ہوئے، اور چار دیگر زخمی ہوئے۔”انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ متاثرین کی موت دھوئیں میں سانس لینے اور دم گھٹنے سے ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلنے سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔ ڈاکٹر نے مزید کہا”یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے، ہمارے اسسٹنٹ میٹرن، جو حال ہی میں ریٹائر ہوئے تھے، کرائے کے مکان میں رہ رہے تھے، یہ واقعہ صبح 2 بجے سے 3 بجے کے درمیان پیش آیا، اس نے فون پر کال کی اور میں نے فوری طور پر پولیس اور فائر بریگیڈ کو مطلع کیا‘‘۔ایک طالب علم راکی شرما نے بتایا کہ وہ رات گئے پڑھ رہا تھا جب اس نے آگ دیکھی اور دوسروں کے ساتھ وہاں پہنچا۔ انہوں نے مزید کہا کہ “آگ نے ڈرائنگ روم کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، اور دھواں دوسرے کمروں میں پھیل گیا تھا، جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں”۔پولیس نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
ایل جی اور وزیر اعلیٰ کاسانحہ پر اظہار افسوس
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کٹھوعہ میں آتشزدگی کے المناک واقعہ میں 6 جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔اپنے تعزیتی پیغام میں، وزیر اعلیٰ نے اس واقعہ کو انتہائی تکلیف دہ قرار دیا۔وزیراعلی نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اس مشکل وقت میں برداشت کرنے کی طاقت اور صبر کی دعا کی۔وزیراعلی نے یقین دلایا کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا، “میں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ زخمیوں کو جلد صحت یابی کے لیے بہترین ممکنہ علاج فراہم کیا جائے۔”ادھرکٹھوعہ آتشزدگی کے واقعہ میں جانی نقصان پر ایل جی منوج سنہا نے بھی دکھ کا اظہار کیا ہے۔ایک تعزیتی پیغام میں، لیفٹیننٹ گورنر نے کہا: “کٹھوعہ میں ایک المناک آتشزدگی کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر انتہائی دکھ ہوا ہے۔ میرے خیالات سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتا ہوں۔”