محمد تسکین
بانہال //امرناتھ یاترا کے سلسلے میں قائم چندرکوٹ رام بن میں لگائے گئے لنگر کی ایک گاڑی اتوار کی علی الصبح قریب دو بجے کٹھوعہ میں حادثے کا شکار ہوئی ۔اس حادثے میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ تین دیگر شدید زخمی ہوئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ گاڑی چندرکوٹ لنگر سے فیروزپور پنجاب کی طرف جانے کے دوران پولیس سٹیشن لکھنپور کٹھوعہ کی حدود میں سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں گر گئی اور دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ اس حادثے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ حادثے کی خبر ملتے ہی پولیس کی ٹیم بچاؤ کاروائیوں کیلئے جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور تین زخمیوں کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج کٹھوعہ پہنچایا گیا جہاں وہ زیر علاج ہیں ۔ پولیس نے بتایا کہ اس حادثے میں ہلاک ہوئے دونوں افراد کو بھی ضروری قانونی لوازمات کیلئے جی ایم سی کٹھوعہ پہنچایا گیا ہے ۔