عظمیٰ نیوز سروس
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو کٹھوعہ ضلع میں ایک خاندان کے تین رشتہ داروں کے قتل کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا حکم دیا۔ورون سنگھ (15)، اس کے پھوپھی یوگیش سنگھ (32) اور ماموں درشن سنگھ (40) کی لاشیں ہفتہ کو ضلع کے اونچی علاقوں میں دور افتادہ ملہار علاقے میں اشو نالہ سے ملی ہیں۔ تینوں 5 مارچ کو لاپتہ ہو گئے تھے۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ X سابقہ ٹویٹرپرلیفٹیننٹ گورنرکے دفتر نے کہا”میں نے مکمل اور شفاف تحقیقات کا حکم دیا ہے، اور خاندانوں کو تمام ضروری مدد فراہم کی جائے گی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ وہ تینوں کے وحشیانہ قتل پر صدمے اور غمزدہ ہیں۔سنہا نے کہا”میں لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ مجرموں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انصاف کو یقینی بنایا جائے گا اور جوابدہی طے کی جائے گی‘‘ ۔انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ اور دوستوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ ادھر جموں -کٹھوعہ-سانبہ رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس شیو کمار نے کہا کہ کٹھوعہ قتل کی تحقیقات کے لیے پولیس ٹیم تشکیل دی گئی، کیس کے تمام پہلوں پر غور کیا جائے گا اور تحقیقات کے نتائج جلد ہی عوام کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، کٹھوعہ، شوبیت سکسینہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ونے کھوسلا کے ساتھ، ڈی آئی جی نے بلاور میں ملہار، ملاڈ، مارہون، دیوٹا اور ملحقہ علاقوں کے احتجاج کرنے والے مقامی لوگوں سے ملاقات کی، اور انہیں یقین دلایا کہ حفاظتی انتظامات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔کمار نے بلاور میں نامہ نگاروں کو بتایا’’کیس کی تحقیقات کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جبکہ ولیج ڈیفنس گارڈز کو مضبوط کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو محفوظ محسوس کیا جا سکے۔ جو لوگ سیکورٹی گرڈ کا حصہ بننے کے خواہشمند ہیں انہیں تربیت دی جائے گی،” ۔انہوں نے کہا کہ فوج اور نیم فوجی دستوں کے ساتھ کئی پولیس اور اسپیشل آپریشنز گروپ کے اہلکار علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے پہلے ہی موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیمیں کیس کے ہر پہلو پر کام کر رہی ہیں اور (صورتحال پر)گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ نتائج بہت جلد سب کے سامنے ہوں گے۔دریں اثنا، متوفی کا پوسٹ مارٹم کٹھوعہ کے ایک ہسپتال میں خصوصی طور پر تشکیل کردہ ڈاکٹروں کی ٹیم کے ذریعہ کیا گیا اور لاشوں کو آخری رسومات کے لئے ان کے اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا۔حکام نے بتایا کہ لاشیں اتوار کی شام دیر گئے متوفی کے گھروں تک پہنچیں اور آخری رسومات پیر کو ہوں گی۔