منصوبوں کی تکمیل کی ٹائم لائن 18ماہ ،11497سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہونگیں
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی صدارت میں منعقدہ انتظامی کونسل نے جموں و کشمیر میں 4 نئی انڈسٹریل اسٹیٹس( صنعتی بستیاں) کے قیام کی انتظامی منظوری دیدی۔راجیو رائے بھٹناگر، لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر؛ چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری نے میٹنگ میں شرکت کی۔ان میں بدھی کٹھوعہ، میڈیسٹی جموں، چندگام اور لیلہار پلوامہ میں صنعتی اسٹیٹس شامل ہیں جو 136.65 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے 1379 کنال اراضی پر تیار کی جائیں گی۔ یہ سرمایہ کاری کو راغب کرنے کا ایک حصہ ہے۔ منصوبے مقامی روزگار کو فروغ دیں گے اور توقع ہے کہ نجی شعبے میں 11497 سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔نئی صنعتی اسٹیٹس کو بنیادی ڈھانچے کے لحاظ سے جامع طور پر تیار کیا جائے گا، جس میں اندرونی سڑک کے کام، بجلی کی دستیابی، پانی کی تقسیم کا مرکزی نظام، بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی، سڑک کے کنارے ہریالی/شجرکاری وغیرہ شامل ہے۔اس کے علاوہ، ترقی میں نیشنل گرین ٹریبونل کے اصولوں کے مطابق نئے پیٹرن پر سینٹرلائزڈ ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس کا قیام اور جدید ترین ٹیکنالوجی پر دیگر سہولیات شامل ہوں گی۔ منصوبوں کی تکمیل کی ٹائم لائن 18 ماہ ہوگی۔نئی صنعتی اسٹیٹس کا قیام جموں و کشمیر میں صنعتی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے حکومت کے عزم کے مطابق ہے۔