ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ پر عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کا الزام
سمت بھارگو
کٹرہ // ماتا ویشنو دیوی شرائن کٹر ہ کے سابقہ باری دروں نے ہفتہ کے روز شرائن بورڈ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور یومِ سیاہ منایا۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ شرائن بورڈ عوام اور یاتریوں کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے اور اس کی غفلت کے سنگین نتائج سامنے آرہے ہیں۔باریدر جو کٹرہ اور ریاسی کے علاقوں میں رہتے ہیں، 1986 سے قبل شری ماتا ویشنو دیوی شرائن کے نگہبان ہوا کرتے تھے تاہم، 30اگست 1986 کو شرائن بورڈ کے قیام کے بعد انہیں ان کے کردار سے ہٹا دیا گیا۔ اسی وجہ سے وہ ہر سال 30اگست کو یومِ سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ہفتہ کوباری در نمائندوں نے احتجاجی ریلی نکالی اور بورڈ کے خلاف نعرے بازی کی۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم پر غفلت کے بے بنیاد الزامات لگا کر ہمیں ہٹایا گیا لیکن آج شرائن بورڈ کی غفلت کے بے شمار ثبوت عوام کے سامنے ہیں‘‘۔باری در نمائندوں نے مزید کہا کہ شرائن بورڈ صرف ’پیسہ کمانے کی مشین” بن چکا ہے، جسے نہ عوام کی پرواہ ہے اور نہ یاتریوں کی۔ ان کے مطابق حالیہ حادثے میں 34 قیمتی جانوں کا ضیاع بورڈ کی سنگین لاپرواہی کو بے نقاب کرتا ہے۔