سمت بھارگو
ریاسی//ضلع ریاسی کے کٹرہ علاقے میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں کم از کم چار افراد کی جان چلی گئی، جب کہ ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین یاتری اڑیسہ کے باشندے بتائے جا رہے ہیں، جبکہ چوتھا متوفی آٹو رکشہ ڈرائیور ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ کٹرہ کے سرلی علاقے میں اس وقت پیش آیا جب ایک آٹو رکشہ اور بس کے درمیان آمنے سامنے ٹکر ہوگئی۔ حادثے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آٹو رکشہ بری طرح تباہ ہوگیا اور اس میں سوار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔پولیس و انتظامیہ کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت آٹو ڈرائیور جیت لال (50) ولد منشی رام ساکن متل، ادھمپور، بچتر کمار (67) ساکن صوبن پور، اڑیسہ، جوگندر ماتری (66) ساکن صوبن پور، اڑیسہ، اور کبیتا ساہو (58) دختر راج کمار داس، ساکن صوبن پور، اڑیسہ کے طور پر ہوئی ہے۔حادثے میں زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت سنہ لاتا ماتری (56) ساکن اڑیسہ کے طور پر کی گئی ہے، جسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق خاتون کی حالت فی الحال مستحکم بتائی جا رہی ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر مقامی لوگوں کے ساتھ ریسکیو ٹیمیں بھی پہنچیں اور زخمیوں کو نکالنے کے ساتھ ساتھ نعشوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور غلط سمت میں گاڑی چلانے کی وجہ سے پیش آیا۔ پولیس نے معاملے کی مکمل جانچ شروع کر دی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ غلطی کس ڈرائیور کی تھی۔حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کا ماحول پیدا ہو گیا ہے، خاص طور پر کٹرہ میں موجود یاتریوں نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مرنے والوں کے اہلِ خانہ کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائے گی اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکنے کیلئے سڑک حفاظت کے اقدامات مزید سخت کئے جائیں گے۔