محمد تسکین
بانہال // شہری ہوا بازی کی وزارت نے جمعہ کو شمالی ریلوے کے حکام سے کہا کہ وہ ادھم پور-سرینگر-بارہمولہ ریل لائن پروجیکٹ کے کٹرہ ریاسی سیکشن کے قانونی معائنہ کے لیے کمشنر آف ریلوے سیفٹی، ناردرن سرکل، نئی دہلی کے لیے نامزد انسپیکشن کیریج کی نقل و حرکت کا بندوبست کریں۔وزارت نے کہا کہ معائنہ کے دوران ریلوے کے سبھی متعلقہ ذمہ دار افسران کمشنر ریلوے سیفٹی کے ساتھ ہوں گے۔ سرینگر نئی دہلی ریل لنک، ایک یادگار بنیادی ڈھانچے کا منصوبہ ہے، جو دو دہائیوں پر محیط اب ایک حقیقت بننے کے لیے تیار ہے۔ امید ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 26 جنوری 2025 کو اودھم پور-سری نر-بارہمولہ ریل لنک پروجیکٹ کے آخری 17 کلومیٹر کے حصے کا افتتاح کریں گے۔ یہ سیکشن، ریاسی سے کٹرہ کو جوڑنے والا، 272 کلومیٹر طویل ریلوے لائن کو مکمل کرے گا۔ اسکے بعدنئی دہلی اور سرینگر کے درمیان انتہائی متوقع وندے بھارت ٹرین سروس شروع کی جائیگی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ 17دسمبر کو شمالی ریلوے کے جنرل منیجر اشوک کمار ورما نے سنگلدان سے ریاسی ، ریاسی سے کٹرہ اور قاضی گنڈ سٹیشنوں کا دورہ کیا۔انہوں نے اس موقعہ پر کہا تھا کہ کمشنر ریلوے( سیفٹی) کا معائینہ آئندہ 15روز میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ٹریک بچھانے کا کام کچھ روز میں مکمل ہوجائیگا۔انہوں نے کہا کہ بجلی کا کام آئندہ 15روز میں مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جنوری کے دوسرے ہفتے سے ٹرین کی آزماشی رن شروع ہوگی۔یہ بات اہم ہے کہ کمشنر ریلوے سیفٹی دنیش دیشوال نے17دسمبر کو کٹرہ ریاسی سیکشن کا معائنہ کیا۔