ریاسی//مقامی لوگوں اور مختلف یونینوں کی طرف سے تعمیری کمپنیوں کے خلاف کئے جانے والے مظاہروں اور ’غیر ضروری مداخلت ‘پر قدغن لگانے کے لئے ضلعی انتظامیہ نے کڑے قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بانہال کٹرہ ریلوے لنک کے ضلع ریاسی سیکٹر میں تعمیراتی کام سے ایک کلو میٹر کے دائرہ میں دفعہ 144لاگو کر دی گئی ہے جس کی روٗ سے ان مقامات پر چار یا چار سے زیادہ افرا د کے جمع ہونے پر پابندی رہے گی۔ ضلع مجسٹریٹ ریاسی کی طرف سے جاری حکمنامہ کے مطابق ان مقامات پر اجازت کے بغیر کسی بھی قسم کی میٹنگ، ریلی، مظاہرہ یا دیگر ایسی سرگرمیوں کا انعقاد نہ ہو سکے گا۔اس آرڈر میں واضح کیا گیا ہے کہ اس قسم کی سرگرمیوں سے ریلوے لائن کے ٹنل اور پلوں کے کام میں رخنہ اندازی ہوئی ہے اور کئی بار تعمیراتی کمپنیوں کو کام بند یا معطل کرنے پر مجبور کر دیا گیا ہے ۔ ضلع مجسٹریٹ نے یقین دلایا ہے کہ یونینوں اور مقامی آبادی کے مسائل کے علاوہ اجرت میں اضافہ، الائونسوں کی ادائیگی وغیرہ کے معاملات سنٹرل لاء کمیشنر جموں کے ساتھ اٹھائے جائیں گے لیکن کسی بھی صورت میں مظاہرے کرنے کی اجازت نہ ہوگی۔