سرینگر//تعلیمی زون رعناواری کی جانب سے بادام واری سرینگر میں پندرہ روزہ اساتذہ تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب پر زون کی طرف سے تیار کردہ ویب سائٹ کا افتتاح کرتے ہوئے ناظم تعلیمات کشمیر ڈاکٹر جی این اِیتو نے کہا ہے کہ سکولوں سے باہر کھُلی فضا میں اساتذہ کو تربیت فراہم کرنا طلباء کو موجودہ تقاضوں کے مطابق تدریسی مواقعے فراہم کرنے کے لئے ضروری ہے۔ زونل ایجوکیشن آفس رعناوری اور پرتھم کی طرف سے بادام واری میںاساتذہ کے لئے پندرہ روزہ تربیتی پروگرام کے انعقاد کے لئے تعلیمی زون رعناواری کی سراہنا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد مستقبل قریب میں کشمیر ڈویژن کے دیگر تعلیمی زونوں میں بھی کیا جائے گا۔ تقریب کے حاشیے پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ سکولوں میں نئے تدریسی سیشن کا آغاز کرنے کے لئے باضابطہ ایک سرکیولر اجراء کیاگیاہے جس کی عمل آوری نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ نئے تدریسی سیشن کا وقت مقررہ پرآغاز نہ کرنے والے سکولی سربراہان کا سخت نوٹس لے گا۔ تقریب پر موجود مہمان ذی وقار ریڈیو کشمیر سرینگر کے شعبہ خبر کے سربراہ مشتاق احمد تانترے نے رعناواری زون کی جانب سے منعقد کئے گئے تربیتی پروگرام کی سراہنا کرتے ہوئے اسے جدید تقاضوں کے مطابق گردانا۔تعلیمی زون رعناواری کے سربراہ ہلال احمد گلکار نے کہا کہ موجودہ تعلیمی نظام میں جدت لانے کے لئے ہمارے اساتذہ اور انتظامیہ کی طرف سے کوششیں جاری رہینگی۔ تقریب میں موجود مہمانوں کا رسمی طور خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے تعلیمی زون رعناواری میں اُن طلباء و طالبات کی ایوان صدارت میں موجود مہمانوں سے حوصلہ افزائی کرائی جنہوں نے تعلیم سے جُڑی مختلف سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس موقع پر یتھم اورتعلیمی زون رعناواری سے وابستہ تربیتی عملہ یاسمین ڈجو، شفاعت حسین، طارق احمد، لبنا خان، نعیمہ اختر اور عامر حسین کی سراہنا کی گئی ۔تقریب میں پرنسپل ڈائٹ سرینگر ناہدہ نیلوفر، پرنسپل ہائر سیکنڈری سکول رعناواری زینت ، پرنسپل ہائر سیکنڈری سکول ناوپورہ ڈاکٹر منظور احمدبابا، زونل ایجوکیشن آفسر حول خالدہ پروین اور زونل ایجوکیشن آفسر گلاب باغ اعجاز فرید لون، زون رعناواری کے ہائی سکولوں کے سربراہان اور زون سے وابستہ تمام اساتذہ نے شرکت کی۔