کولگام // جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں نا معلوم اسلحہ برداروں نے جموں و کشمیر بنک کی ایک شاخ پر دن دھاڑے ڈاکہ ڈال کر قریب 4لاکھ روپے اڑا لئے۔ضلع ہیڈکوارٹر کولگام سے صرف6کلومیٹر کی دوری پر واقع کاڈر نامی گائوں میں قائم جموں کشمیر بنک میں منگل کو معمول کا کام کاج ہو رہا تھاکہ صبح ساڑھے دس بجے کے قریب بنک کے اندر اْس وقت افراتفری پھیل گئی جب 2نقاب پوش اسلحہ بردار بنک میں داخل ہو ئے جبکہ ایک بنک کے مین دروازے پر ہی پہرا دیتارہا۔ جس وقت بنک پر لٹیروں نے دھاوابول دیا ،اس وقت بنک عملے کے کم و بیش تمام ارکان اور کچھ گاہک بھی موجود تھے۔ نا مسد حالات کے پیش نظر مذکورہ بنک میں سیکورٹی گارڈ تعینات نہیں ہیں جس کی وجہ سے لٹیروں کو ڈاکہ ڈالنے میں مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ نقاب پوش بندوق برداروں نے بنک اسٹاف کو بندوق کی نوک پر ایک طرف جمع کیا جبکہ وہاں موجود کچھ گاہکوں کو بھی بندوق کی نوک پر یرغمال بنایا گیا۔لٹیروں نے بنک اسٹاف کو جان سے مارنے کی دھمکی دی اور بنک جا ئیداد کی توڑ پھوڑ کی اور کئی ملازمین کو ما راپیٹا گیا جس کے نتیجے میں بنک ملازمین دم بخود ہو کر رہ گئے۔ نقاب پوش اسلحہ برداروں نے رقم لیکرفرار ہوتے وقت خوف و ہراس پھیلادیا، حالانکہ بنک عملے اور گاہکوں نے ان کا پیچھا کرنے کی کوشش کی تھی جبکہ ایک ملازم کا موبا ئیل فون بھی اس وقت چھین لیا گیا جب اس نے پولیس کو فون کرنے کی کو شش کی۔ مسلح لیٹروں نے بنک سے 3لاکھ 96ہزار اور 433 روپے نقد اڑالئے ۔اسلحہ برداروں کے چلے جانے کے بعد معاملے کی اطلاع پولیس کو دی گئی جس کے بعد ایس ایس پی کو لگام کے ہمراہ پولیس کے دیگر افسران نے بنک کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا۔جموں کشمیر بنک کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے بھی بنک کا دورہ کیا۔ معلوم ہواہے کہ پولیس اورایس ائو جی کے ساتھ ساتھ فوج نے بھی علاقے کا محاصرہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں پولیس میں کیس درج کرکے مسلح لٹیروںکی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔