جموں //جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے آج یہاں منعقدہ ایک میٹنگ میں جموں میونسپل کارپوریشن کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ سپیکر موصوف نے حلقہ انتخاب گاندھی نگر میں جے ایم سی کی جانب سے ہاتھ میں لئے گئے کاموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے حلقہ انتخاب گاندھی نگر میں جاری کاموں میں معیاری مواد کے استعمال کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے وارڈ وائیز کاموں کی فہرست پیش کرنے کی ہدایت دی تا کہ ان علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے ۔ سپیکر موصوف کو سٹریٹ لائیٹس کی تنصیب اور اپسرا مارکیٹ میں داخلہ گیٹ کی تعمیر کے بارے میں روشناس کرایا گیا ۔ انہیں جیون نگر میں5 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جا رہے پارک کے کام کام کے بارے میں بھی بتایا گیا ۔ سپیکر موصوف نے جے ایم سی کو خراب سٹریٹ لائیٹوں کی مرمت اور نالیوں کی صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ میٹنگ میں ٹرانسفارمروں اور کوڑا دانوں کی تنصیب ، بیت الخلاؤں میں پانی کی سپلائی اور پارکنگ سے متعلق مختلف امور زیر بحث لائے گئے ۔