جموں//ریاستی اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے رائے پور ستواری کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہی حاصل کی ۔ انہوں نے دورے کے دوران لوہری محلہ میں اڑھائی لاکھ روپے لاگت والی اری گیشن چینل کے کام کا افتتاح کیا ۔ اس موقعے پر سپیکر نے کہا کہ سرکار ریاستی عوام کو تمام بنیادی خدمات بہم پہنچانے کیلئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے متعلقہ ایجنسی کو مذکورہ کام میں معیار بنائے رکھتے ہوئے اسے وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ سپیکر سے علاقے کے لوگ ملے اور انہیں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا جنہیں حل کرنے کی سپیکر نے یقین دہانی دی ۔ انہوں نے عوام کو مختلف سرکاری سکیموں سے استفادہ کرنے کیلئے کہا ۔ سپیکر کے ہمراہ کئی سینئر افسران بھی تھے ۔