نئی دہلی//ہندوستانی ٹیم نے 2011 کے بعد سے کوئی ورلڈ کپ نہیں جیتا ہے۔وہیں ٹیم انڈیا نے 2013 کے بعد سے کوئی بھی آئی سی سی ٹورنامنٹ نہیں جیتا ہے۔ 2013 میں بھارت نے چمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔ 2017 میں مہندر سنگھ دھونی کے کپتانی چھوڑنے اور وراٹ کوہلی کے کپتانی سنبھالنے کے بعد سے آئی سی سی ٹورنامنٹس میں ٹیم انڈیا کی کارکردگی خراب رہی ہے۔2017 کی چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم انڈیا کو فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔وہیں 2019 ورلڈ کپ میں ہندوستان کو سیمی فائنل میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ ٹیم انڈیا 2021 کے T20 ورلڈ کپ میں سپر 12 راؤنڈ سے باہر ہو گئی تھی۔ اس کے بعد کوہلی کو ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیموں کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا۔وہیں اسی سال کوہلی نے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی بھی چھوڑ دی تھی۔گو یاکہ کوہلی ہر فارمیٹ میں ہندوستان کے کامیاب ترین کپتانوں میں سے ایک تھے، لیکن آئی سی سی کا کوئی ٹورنامنٹ نہ جیتنے کا داغ ان کی کپتانی میں ہی رہا۔ ایسے میں ایک سابق کرکٹر نے کوہلی کی کپتانی کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔ ہندوستان کے سابق تیز گیند باز ایس سری سنت نے ایک کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ کوہلی کی کپتانی میں کھیلتے تو ٹیم انڈیا تین ورلڈ کپ جیت چکی ہوتی۔سری سنت کے مطابق اگر میں وراٹ کوہلی کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہوتا تو ٹیم 2015، 2019 اور 2021 ورلڈ کپ جیت چکی ہوتی۔