نئی دہلی//پشو پالن،بھیڑ اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور خانہ بدوش آبادی کو درپیش مشکلات ، پہاڑی اور گوجری زبانوں کی ترقی اور جموں صوبہ میں ضلع پونچھ کو چار گلیاروں والی سڑک اور ریل رابطہ جیسے مطالبات پیش کئے۔وزیر نے وزیر اعظم کو بتایا کہ پونچھ میں چار گلیاروں والی سڑک اور ریل رابطے جیسے مطالبات بہت مدت سے التواء میں پڑے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم کو مطلع کیا کہ خانہ بدوش کنبوں کو کشمیر کے میدانوں میںاپنے مال مویشی پہنچانے کے لئے ڈیڑھ ماہ کا طویل عرصہ لگتا ہے اور گوجر و بکروال طبقہ کو پیدل اپنے اہل و عیال کے ساتھ ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونا پڑتا ہے جس میں انہیں طبی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے کافی مشکلات درپیش ہوتی ہیں۔وزیر موصوف نے مرکزی حکومت کی جانب سے ایسے لوگوں کے لئے ٹرانسپورٹ کی سہولیات کا مطالبہ کیا۔ وزیر نے پہاڑی اور گوجری زبانوں کی ترقی کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ ان زبانوں کو ریاست جموں وکشمیر کے سکولوں کے سلیبس میں شامل کیا جائے۔