رام بن//پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے آج رام بن میں ضلع ترقیاتی بورڈ کے فیصلہ جات کی عمل آوری کا جائیزہ لیا۔وزیر موصوف جو کہ ضلع ترقیاتی بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ڈی ڈی بی میں لئے گئے فیصلوں پر من وعن عمل پیرا ہوں۔ انہوں نے لوگوں کو مختلف بہبودی سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔ممبران قانون سازیہ گول ارناس اعجاز احمد خان، ایم ایل اے بانہال وقار رسول وانی، ایم ایل اے رام بن نیلم لنگے، ایم ایل سی شام لال بھگت، ضلع ترقیاتی کمشنر طارق حُسین گنائی اور دیگر متعلقہ افسران میٹنگ میں موجود تھے۔اس موقعہ ضلع کو فراہم کی جارہی رقومات کے مصرف کا خاکہ ایک پاور پوائنٹ پریذنٹیشن کے ذریعے پیش کیا گیا۔ممبران قانون سازیہ نے اس موقعہ پر پی ایم اے وائی کے رہنما اصولوں کو از سر نو تشکیل دینے، گول اور رام بن میں انڈور سٹیڈیم قائم کرنے،بجلی اور پانی کی سہولیات تمام علاقوں تک لے جانے، ہسپتالوں کے لئے مزید ڈاکٹروں کی تعیناتی، زیارتوں کا رکھ رکھاؤ، سڑکوں پر جاری تعمیراتی و تجدیدی کاموں کو مکمل کرنا اور دیگر جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے معاملے اُبھارے۔