ممبئی/ کپتان ویرات کوہلی نے مسلسل کرکٹ کھلانے پر بھارتی کرکٹ بورڈ سے کہا تھا کہ وہ کوئی روبوٹ نہیں ہیں اور انہیں بھی آرام چاہیے، کوہلی کی یہ دھمکی کام آ گئی اور بی سی سی آئی نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے روہت شرما کو کپتان مقرر کردیا۔بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 15 دسمبر سے سری لنکا کے خلاف شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم کی قیادت روہت شرما کریں گے۔ بھارت اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ مچیز کھیلے جائیں گے۔ویرات کوہلی کی جگہ ٹیم میں فاسٹ بولر سدھارت کول کو شامل کیا گیا ہے جب کہ دو دسمبر سے سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے لیے بھارتی ٹیم میں شیکر دھون کی واپسی ہوئی ہے۔بی سی سی آئی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مسلسل کرکٹ کھیلنے والے ویرات کوہلی کو ایک ماہ کے لیے آرام دیا گیا ہے تاہم سری لنکا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ میں ویرات کوہلی ہی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔خیال رہے کہ چند روز قبل ویرات کوہلی بی سی سی آئی کی جانب سے مسلسل کھلائے جانے پر پھٹ پڑے تھے اور انہوں نے کہا تھا کہ وہ کوئی روبوٹ نہیں ہیں اور انہیں بھی آرام کی ضرورت ہے۔