جموں//پشو و بھیڑ پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے جموں میںشیپ اینڈ شیپ پروڈکٹس ڈیولپمنٹ بورڈ اور دیگر دفاتر کا معائنہ کیا اور اُن کے کام کاج کا جائیزہ لیا۔انہوں نے بڑی براہمناں میں سٹاک اسسٹنٹ ٹریننگ کلاس اور لیبارٹری کا بھی دورہ کیا۔اس موقعہ پر وزیر کو بتایا گیا کہ اس وقت5.63 لاکھ کلو گرام اُون دستیاب ہے اور بورڈ کو اب تک2.5 کروڑ روپے کی آمدن حاصل ہوئی ہے۔دورے کے دوران انہیں جانکاری دی گئی کہ سنٹرل مصنوعی بریڈنگ سٹیشن کی صلاحیت10 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ وزیر نے متعلقین پر زوردیا کہ وہ مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کرکے مویشی پالنے والوں کو ہر ممکن جانکاری دیں تا کہ انہیں جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ گوشت، انڈوں، پولٹری اور دودھ کی پیداوار بڑھانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جانے چاہئیں۔انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ بیداری پروگراموں کا انعقاد کریں تا کہ بے روز گار نوجوان مستفید ہوسکیں۔ڈائریکٹر انیمل ہسبنڈری جموں کیول کرشن، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جموں کرانتی شرما،جوائنٹ ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری سنجیو کمار اور انیمل و شیپ ہسبنڈری محکموں کے اعلیٰ افسران بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔