سرینگر //پشو پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے کل گگری بل میں ڈل جھیل کے پاس قایم ایکوریم کم جانکاری سنٹر کا معائینہ کیا ۔ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر فشریز اور دیگر افسران بھی تھے ۔ وزیر کو بتایا گیا کہ مذکورہ سنٹر میں مچھلیوں کے کئی اقسام موجود ہیں جو سیاحوں اور طلبا کیلئے باعث کشش ہیں ۔ انہیں بتایا گیا کہ مختلف اقسام کی مچھلیاں باعث کشش ہیں اور محکمہ مذکورہ سنٹر کے بہتر رکھ رکھاؤ کو یقینی بنا رہا ہے ۔ انہیں بتایا گیا کہ سنٹر میں 50 مختلف اقسام کی مچھلیاں موجود ہیں ۔ مذکورہ سنٹر کے قیام کیلئے محکمے کی سراہنا کرتے ہوئے وزیر نے اس کی وسیع تشہیر پر زور دیا تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ یہاں آ سکیں ۔ انہوں نے سنٹر کو مزید جاذب نظر بنانے کے احکامات دئیے ۔ وزیر نے ڈل جھیل میں قایم کیج کلچر کا بھی معائینہ کیا یہاں بڑی تعداد میں مچھلیوں کی پیداوار ہوتی ہے جس کے بعد انہیں ڈل جھیل میں کھلا چھوڑ دیا جاتا ہے ۔ وزیر نے پیداواریت میں اضافہ کرنے کیلئے جدید سائینسی ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے اور مختلف جگہوں پر سیل کاؤنٹر قایم کرنے کے بھی احکامات دئیے ۔