بڈگام// بھیڑ و پشو پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے وزیر زراعت غلام نبی لون ہانجورہ کے ہمراہ ضلع بڈگام کے حلقہ انتخاب چرار شریف کے نوہار گاؤں میں ٹراؤٹ مچھلیوں کے فارم کا افتتاح کیا۔ یہ فش یونٹ13 کنال13مرلے پر پھیلا ہوا ہے اور جدید ترین بنیادی ڈھانچہ سے آراستہ ہے۔ یونٹ کو مزید بہتر سازو سامان، باہری دیوار کی تعمیر اور سڑک رابطہ کی سہولیات کی تعمیر سے مستحکم بنایا جارہا ہے۔اس موقعہ پر عبدالغنی کوہلی نے کہا کہ پروجیکٹ پر مختص2 کروڑ روپے میں سے ایک کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ اس پروجیکٹ کے قیام کے سلسلے میں12 کنال اراضی کے حصول کے لئے52.70 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فارم کو مکمل طور چالو کرنے کے بعد12 ٹن مچھلیوں کی پیداوار متوقع ہے۔کوہلی نے کہا کہ حکومت مچھلیوں اور پولٹری کے سیکٹروں کو ترقی دینے کے لئے کئی اہم اقدامات اُٹھارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی مرکزی معاونت والی سکیموں کے تحت کسانوں کو پیداوار میں رونما ہونے والے نقصان کے سلسلے میں ایکس گریشیا امداد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مچھلیاں پالنے کے سلسلے میں کسانوں کو فیڈ کم نرخوں پر فراہم کرے گی۔دریں اثنا وزیر زراعت نے اس موقعہ پر کہا کہ بڈگام ضلع میں مچھلیاں پالنے کے سیکٹر کو بڑے پیمانے پر بڑھاوا دیا جاسکتا ہے۔