عارف بلوچ
اننت ناگ//جنوبی کشمیر میں کوکر ناگ اننت ناگ کے بالائی علاقے اہلن گڈول میں جاری انسداد ملی ٹینسی آپریشن کے دوران دو فوجی کمانڈوز کا رابطہ ختم ہو گیا ہے۔6 اکتوبر کو گڈول جنگل میں آپریشن کے دوران 5 پیرا فوجی یونٹ کے دو کمانڈوز لاپتہ ہو گئے ہیں ۔جس کے بعد اس جنگلاتی علاقہ میں وسیع سرچ آپریشن شروع کیا گیا ۔ایلیٹ 5 پیرا سے وابستہ 2 اگنویر کمانڈوز گڈول جنگلات میں پیر کی صبح سے آپریشن کے دوران لاپتہ ہیں۔اس جنگلاتی علاقہ میں فوج نے ایک آپریشن شروع کیا تھا جس دوران یہ دونوں لاپتہ ہوگئے ۔لاپتہ اہلکاروں کی بازیابی کیلئے جنگلاتی علاقہ میں زمینی و ہوائی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔جنگلاتی علاقہ میں دن بھر فوج کے ہیلی کاپٹر گردش کرتے رہے۔واضح رہے اہلن گڈول گذشتہ 2 سال میں ہاٹ سپارٹ علاقہ رہا ہے،اس علاقے میں 2 خونریز تصادم آرائیاں ہوئی ہیں جو کئی روز تک جاری رہیں، جس دوران 2 فورسز اہلکار اور 1 عام شہری ہلاک جبکہ 4 فوجی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔حکام کا خیال ہے کہ گزشتہ دو دنوں سے جاری خراب موسم کی وجہ سے ان کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ “ہو سکتا ہے کہ یہ جوڑی اپنی ٹیم سے بھٹک گئی ہو کیونکہ یہ دشوار گزار علاقہ ہے۔”فوجی اہلکار ایک چھوٹی ٹیم کا حصہ تھے جس نے علاقے میں محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا تھا۔اس کے بعد سے ان کے ساتھ رابطہ قائم نہیں ہو سکا ہے۔ تلاشی کی کوششوں میں زمینی دستوں کی مدد کے لیے ہیلی کاپٹروں کو استعمال میں لایا گیا ہے۔