عظمیٰ نیوز سروس
کوکرناگ// کوکرناگ کے بالائی علاقوں میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن کے دوران لاپتہ ہونے والے ایک فوجی کمانڈو( پیرا ٹروپر) کی لاش برآمد کی گئی ہے لیکن ایک ابھی لاپتہ ہے۔حکام نے جمعرات کو بتایا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ فوجی کی موت برفانی تودے یا برفانی طوفان کے بعد ہوئی تھی جو تین دن قبل اونچائی والے علاقے میں آیا تھا۔حکام نے بتایا کہ برآمد ہونے والا فوجی کی لاش سروس ہتھیار کے ساتھ برآمد ہوئی، سرکاری طور پر ہلاک ہونے والے فوجی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔مبینہ طور پر یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب 2پیرا کی ٹیم، جو کہ خراب موسمی حالات میں آپریشن کر رہی تھی، اچانک برفانی طوفان کی زد میں آ گئی۔ اس واقعے کے بعد، دو اہلکاروں سے رابطہ منقطع ہو گیا، جس کے بعد مشکل علاقہ اور کم مرئیت کے باوجود امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ دوسرے لاپتہ فوجی کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا، “خراب موسم اور مشکل حالات کے باوجود، فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیمیں لاپتہ اہلکاروں کا سراغ لگانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔”ادھر سیکورٹی فورسز نے جمعرات کو کہا کہ کپواڑہ کے جنگلاتی علاقے میں ملی ٹینٹوں کے ٹھکانے کا پردہ فاش کیا گیا اور اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان برآمد کیا گیا۔ایک اہلکار نے بتایا کہ مخصوص انٹیلی جنس ان پٹ کی بنیاد پر، فوج اور پولیس نے 8 اکتوبر 2025 کو وارسن کپواڑہ کے برجتھور جنگل کے عمومی علاقے میں ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا۔اہلکار نے بتایا کہ تلاشی کے دوران سیکورٹی فورسز نے ایک خفیہ ٹھکانے کا پردہ فاش کیا اور 2 اے کے سیریز رائفلز، 4 راکٹ لانچرز، گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ اور دیگر جنگی سامان برآمد کیا۔