اونچے اونچے محلوں میں رہنے والے اے اونچے لوگو
آپ نے کھانا کھایا کیا؟
لو!
میں بھی پاگل ٹھہرا جو یہ آپ کو آکے پوچھ رہا ہے
آپ نے تو
کب کا مزے سے کھایا ہوگا
کیسا ہوتا ہے یہ آپ کا شاہی کھانا؟
خوب مزہ آتا ہوگا نا کھاتے کھاتے
اس میں شامل طرح طرح کے پکوان ہوا کرتے ہونگے نا؟
دودھ، دہی، تندوری مرغا، مٹن پلاؤ، رستے، گوشتابے،
کورما،شورما ، تری ، ترکاری، نان کھٹائی ، پھل و مٹھائی سب شامل ہوتے ہونگے نا؟
خیر!
مجھے پڑوسی ہونے کے ناطے نہیں پوچھو گے
تم نے کھانا کھایا ہے؟
نہیں پوچھتے آپ کبھی بھی
آپ نہیں مانو گے لیکن میں بھی آپ کا ہمسایہ ہوں
میں بھی آپ کے ساتھ اسی بستی میں ہی رہتا ہوں
سنو!
وہ جو چوک کے بیچوں بیچ بڑا پُل ہے نا
جسکے پاس میونسپلٹی کے بڑے بڑے وہ کوڑے دان لگے رہتے ہیں
اکثر جن میں آپ کی بستی کا سب کوڑا جمع ہوا کرتا ہے
اس کے بغل میں جو سیمنٹ کا بڑا سا پائپ ہے
اُسی میں میں تنہا رہتا ہوں
بلکل تنہا!
بچپن سے ہی میں اس آپ کے پھینکے کوڑے کرکٹ سے ہی
اپنے کھانے کی سب چیزیں چن لیتا ہوں
اور جو بچتا ہے وہ اپنے ساتھی ان کالے بھورے کتوں کو بھی میں کھلا کھلا کر خوش ہوتا ہوں
اسی کچرے کے ڈبے سے میں خالی بوتل خالی ڈبہ اٹھا اٹھا کر بیچا کرتا ہوں
نہ جانے کیوں یہ کچرے کا ڈبہ مجھ کو ماں کی یاد دلا دیتا ہے
یہی میرا ہمدرد پڑوسی ہے جس میں سے
میری ضرورت کی سب چیزیں مل جاتی ہیں
اسی سے مجھ کو جینے کی ترغیب ملی ہے
جس کو ہم اور آپ سبھی کوڑے دان کہا کرتے ہیں
جس میں ہماری بستی کے سب عیب دفن ہوتے ہیں
آفاقؔ دلنوی
دلنہ بارہمولہ کشمیر،موبائل نمبر؛7006087267