پلوامہ // انتظامیہ کی غفلت شعاری سے ناجائز تجاوازات کے سبب پلوامہ سڑکیں زیر آب آگئیں جس سے متعدد دکانوں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے لاکھوںروپے مالیت کا نقصان ہوا۔ دراصل پلوامہ کے بیچو ں بیچ بہنے والی دھوبی کوہل میں کوڑا کرکٹ اور ناجائز تجازات ہونے کے سبب کوہل کا بہائو رُک گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے پانی سڑکوں پر بہنے لگا اورکچھ ہی دیر میں پانی قصبے کی دکانوں کی طرف بڑ ھ گیا جس سے اشیاء ضرریہ کو نقصان ہوا۔ احتجاجاً دکانداروںنے سڑکوں پر ٹریفک روک دیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی ۔انہوں نے الزام عائد کیا میونسپل کمیٹی نے کبھی کوہل کو صاف کرنے میں کوئی اقدام نہیں کیاہے ۔ ناجائز تجاوزات اور کوڑا کرکٹ کو ہٹانے یا اس پر روک لگانے میں کوئی اقدام نہیں کیا جس کے سبب دکانداروں اور سڑکوں پر چلنے والوںکو سخت مشکلات کو سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا بس اسٹینڈ میں دکانات شام دیر گئے تک بند رہیں ۔ واضح رہے کہ کوہل میں کوڑا کرکٹ اور ناجائز تجاوزات گزشتہ ایک دہائی سے ایک سنگین مسئلہ بنا ہوا ہے ۔ لیکن ابھی تک اس مسئلہ کو حل کرنے میں کوئی بھی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ اس ضمن میں میونسپل کمیٹی پلوامہ کے ایگزیکٹیو آفیسر مشتاق احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ ایک آبپاشی نہر ہے اور اس میں کئی جگہوں پر پائپیں لگائی گئیں تھی جو بند ہوگئی ہیں جس سے یہ مسئلہ پیدا ہوگیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ نے پرپوزل تیار کیا جس کو حکومت کی منظوری کے لئے جلد بھیجا جا رہا ہے۔